بھاجپا کی نئی اننگ ۔۔۔۔۔

بھاجپا کی نئی اننگ ۔۔۔۔۔

ملک کے دیگر حصوں کی طرح اب کی بار جموں کشمیر خاصکر وادی میں بھی لوک سبھا انتخابات دلچسپ ہونے کی اُمید ہے کیونکہ ملک کے وزیر اعظم نریندرا مودی خود بی جے پی کی انتخابی مہم چلانے کی غرض سے وادی کے دورے پر آرہے ہیں۔ویسے بھی پورے ملک میں بی جے پی کے دو ہی اہم سیاسی چہرے سب سے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں، جن میں خود وزیر اعظم اور وزیر داخلہ امت شاہ ہیں۔اس سے قبل گذشتہ مہینے وزیر اعظم جموں کے دورے پر آئے تھے، جہاں انہوں نے کئی اہم تعمیراتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیار رکھی جس پر جموں والے نہ صرف بہت خوش ہو گئے تھے بلکہ انہوں نے وزیر اعظم کے جموں آنے کو اپنے لئے خوش قسمتی تصور کی۔
جہاں تک وادی کا تعلق ہے یہاں پر زیادہ تر مسلمان ہی رہتے ہیں اور آج تک بی جے پی یہاں اپنا سیاسی کھاتہ کھولنے میں ناکام رہی ۔اس وادی میں اگر چہ آج تک علاقائی پارٹیوں کا بول بالا رہا ہے اور کانگریس نے بھی بڑی محنت کر کے وادی کے لوگوں کے دلوں میں کسی حد تک جگہ بنائی لیکن گذشتہ 5برسوں سے جس طرح کے سیاسی حالات یکسر تبدیل ہوگئے اور لوگوں میں سیاست اور سیاستدانوں کے حوالے سے مایوسی چھائی رہی ،اُس کو دور کرنے میں ایل جی انتظامیہ نے بنیادی سطح پر جس طرح کے تعمیراتی کام کئے ہیں، اُس سے بی جے پی کو فائدہ حاصل ہونے کی اُمید ہے۔دیکھنا یہ کہ وزیر اعظم وادی آکر عام لوگوں کے لئے کون سے مزید سہولیات بہم رکھنے کے اعلان کریں گے، وہ کافی اہمیت کے حامل ہوسکتے ہیں کیونکہ آج تک وادی کا عام مسلمان بی جی پی کے ساتھ اپنی وابستگی اس لئے نہیں کر پایا کیونکہ وہ بی جے پی کے ساتھ اپنی وابستگی کو گناہ ِعظیم تصورکررہے ہیں، جس طرح مرحوم شیخ محمد عبداللہ کے زمانے میں کانگریس کے ساتھ ناطہ جوڑنے والے کو گندی نالی کا کیڑا مانا جاتا تھا ،اسی طرح بی جے پی کے ساتھ وابستہ لوگوں کو دشمن کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔
وزیر اعظم اپنے دورے کے دوران وادی کے لوگوں کا یہ وہم دور کرنے میں کامیاب ہونگے یا نہیں ۔۔؟ یہ دورے کے بعد ہی پتہ چلے گالیکن ایک بات طے ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے ارد گرد موجود ساتھی وادی کے ذی حس لوگوں سے در پردہ اپنا رابطہ رکھے ہوئے ہیں ۔کیا وہ کھل کر سامنے آئیں گے یا پھر اُن کے ذہنوں میں بھی کہیں نہ کہیں خوف و ڈر موجود ہے ۔سیاسی پنڈتوں کا ماننا ہے کہ وزیر اعظم کے دورے سے انتخابی چہل پہل دیکھنے کو ملے گی اور آنے والے انتخابات دلچسپ ثابت ہو نگے ۔وزیر اعظم کو چاہئے کہ وہ وادی کے لوگوں کے لئے کچھ راحت کا پیغام دے خاصکر بجلی اور پانی کی مفت فراہمی کا اعلان کریں جو روز بروز عام لوگوں کے لئے درد سر بن رہے ہیں، اگر ایسا ہوتا ہے تو زمینی صورتحال تبدیل ہو سکتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.