بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
6.9 C
Srinagar

وزیر اعظم کا دورہ جموں کشمیر

ملک کے وزیر اعظم نریندرمودی کی جموں وکشمیر آمد سے اہلیاں جموں کشمیر کو کس قد رفائدہ پہنچ سکتا ہے ،اس حوالے سے لوگوں کی مختلف رائے سامنے آرہی ہیں۔اطلات کے مطابق وزیر اعظم 20فروری کو جموں کشمیر کے دورے پر آرہے ہیں اور اس دوران وہ 3ہزار کروڑ کے مختلف85 پروجیکٹوں کا افتتاح اور124نئے پروجیکٹوں کا سنگ بنیادرکھیں گے ۔وزیر اعظم جموں میں عوامی ریلے سے خطاب بھی کریں گے اور اس طرح جموں کشمیر میں بی جے پی کےلئے انتخابی مُہم کا آغاز کریں گے۔اس بات سے کوئی انکار نہیں کرسکتا ہے کہ جموں کشمیر خاصکر وادی میں حالات بہت بہتر ہوئے ہیں اور انتظامی سطح پر بھی بہت حد تک تبدیلیاں آچکی ہیں۔اسکولوں ،کالجوں اور دانش گاہوں میں بچے بہتر ڈھنگ سے تعلیم و تربیت حاصل کر رہے ہیں،سڑکوں کا جال پوری وادی میں بچھایا گیا ،جموں اور سرینگر میں سمارٹ سیٹی پروجیکٹوں کے تحت لینوں، ڈرینوں اور ترسیلی لائینوں کی مرمت کی گئی۔
سب سے اہم اور قابل قدر تبدیلی جو جموں کشمیر کے عوام کودیکھنے میں ملی ہے وہ امن کی بحالی مانی جاتی ہے، لوگ بغیر کسی خوف و ڈر کے زندگی گذارنے لگے ۔سرکاری دفتروں میں ملازمین کے کام کاج کا جائزہ دن رات لیا جارہا ہے اور اسپتالوں میں بہتر ڈھنگ سے مریضوں کا علاج و معالجہ ہو رہا ہے اور گولڈن کارڈ اسکیم کے تحت پانچ لاکھ تک کا مفت علاج بھی کیا جارہا ہے اور غریب گھرانوں کو مفت راشن فراہم کیا جارہا ہے لیکن عوام کو جو کمی محسوس ہورہی ہے وہ یہ کہ جموں کشمیر میںگذشتہ کئی برسوں سے عوامی حکومت قائم نہیں ہو رہی ہے۔اب جبکہ ملک کے ساتھ ساتھ جموںو کشمیر میں بھی لوک سبھا انتخابات ہونے جارہے ہیں اور اس سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر بھی جموں کشمیر کے دورے پر آرہے اور وہ یہاں حالات کا جائزہ لیں گے ۔
ادھر یہ بات بھی واضح ہے کہ ملک کی عدالت اعظمیٰ نے جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات منعقد کرانے کے لئے ڈیڈ لائن مقرر کی ہے دیکھنا یہ ہے کہ اسمبلی انتخابات منعقد کرانے کے لئے وزیر اعظم اپنے دورہ جموں کشمیر کے دوران اس حساس معاملے کے حوالے سے کیا بات کریں گے ۔سیاسی حلقے اس کے منتظر ہےتاہم ایک بات صاف ہے کہ جموں کشمیر کی سیاست سے وابستہ لیڈران اور ورکران پوری طرح بے کارہو چکے ہیں ،اُنہیں عوامی حلقوںمیں کوئی خاص اہمیت نہیں مل رہی ہے کیونکہ لوگوں کو بخوبی معلوم ہے کہ جموں کشمیر کے سیاسی میدان میں وہی پُرانے کھلاڑی کھیل رہے ہیں جنہوں نے اپنی منفی سیاست سے اہلیاںجموں کشمیر کو طرح طرح کے مسائل و مشکلات میں پھنسا دیا تھا جن سے نکلنےکے لئے ملک کے حکمرانوں اور حفاظتی اداروں سے وابستہ لوگوں کو پاپڑ بھیلنے پڑے ہیں۔جموں کشمیر کے بہت سارے لوگ اسی منفی سیاست کا خمیازہ آج بھی بھُگت رہے ہیں ۔ان حالات میں ملک کے وزیر اعظم کس طرح انتخابات کے ذریعے سے جموں کشمیر میں نئی سیاست کو پروان چڑھانے میں اپنا تجروبہ بروئے کار لاسکتے ہیں یہ ایک اہم سوال ہے اور اس حوالے سے وزیر اعظم جموں کشمیر کے دورے کے دوران کیا پیغام دیتے ہیں عوامی ریلی سے خطاب کرنے کے بعد ہی معلوم ہو جائے گا تب تک کوئی تبصرہ کرنا قبل از وقت تصور کیا جائےگا۔

Popular Categories

spot_imgspot_img