خوست: مشرقی افغانستان کے صوبہ خوست کے دارالحکومت خوست شہر میں ایک اجتماعی قبر دریافت ہوئی، جس میں 100 لوگوں کی باقیات ملی ہيں۔
خوست شہر کے میئر قاری بسم اللہ بلال نے بتایا کہ مقامی حکام کو مشرقی افغانستان میں صوبہ خوست کے دارالحکومت خوست شہر میں ایک اجتماعی قبر ملی ہے اور منگل کے روز لاشوں کی باقیات کو دوبارہ دفن کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ پیر کے روز خوست شہر کے مضافات میں آبی ذخیرے پر ڈیم کی تعمیر کے کام کے دوران ایک جگہ سے تقریباً 100 لاشوں کی باقیات دریافت ہوئیں۔ اہلکار نے بتایا کہ تمام لاشوں کو اسلامی رسومات کے تحت دفنایا گیا جس میں مقامی لوگوں نے شرکت کی۔
مزید تفصیلات فراہم کیے بغیر، اہلکار نے کہا کہ اجتماعی قبر میں دفن ہونے والے افراد جنگ زدہ افغانستان میں کئی دہائیوں کی جنگ کی بربریت کے متاثرین ہوسکتے ہیں۔
اس دوران خوست کے باشندے حاجی نادر نے میڈیا کے ساتھ بات چیت میں انسانوں کے قتل کو انسانیت کے خلاف جرم قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی اور تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
