سری نگر: ماہرین موسمیات کے مطابق جموں وکشمیر میں گذشتہ برسوں کے مقابلے میں امسال ماہ نومبر کے دوران اب تک موسم بہتر رہا۔ان کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں امسال موسم خزاں کے دوران بارشیں بھی معمول سے کافی زیادہ ریکارڈ ہوئیں۔
وادی کے معروف ماہر موسمیات فیضان عارف کا کہنا ہے کہ سری نگر میں اب تک ماہ نومبر کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت اوسطاً 16.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول کے مطابق 16.0 ڈگری سینٹی گریڈ ہونا چاہئے تھا۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت اوسطاً 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول کے مطابق 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ہونا چاہئے تھا۔ان کا کہنا تھا کہ امسال ماہ نومبر میں درجہ حرارت مجموعی طور پر معمول سے قدرے زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے بلکہ امسال گذشتہ برسوں کے مقابلے میں ماہ نومبر میں موسم بھی بہتر ہے۔
موصوف ماہر موسمیات نت کہا کہ امسال موسم خزاں کے دوران بارشیں معمول سے کافی زیادہ ریکارڈ کی گئیں۔انہوں نے کہا: ‘جموں وکشمیر میں امسال یکم اکتوبر سے 24 نومبر تک 115.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو معمول کے مطابق 59.5 ملی میٹر ریکارڈ ہونی چاہئے تھی’۔ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں امسال موسم خزاں کے دوران 93 فیصد زیادہ بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
فیضان نے کہا کہ موسم خزاں کے دوران سری نگر میں 27 فیصد زیادہ بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ ضلع اننت ناگ اور گاندربل میں بالترتیب 55 فیصد اور 41 فیصد زیادہ بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امسال دریائے جہلم میں پانی کی سطح میں بھی بہتری ہی ہوئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق ماہ نومبر کے آخر تک وادی کشمیر میں موسم وسیع پیمانے پر خراب ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
یو این آئی