جموں: بھارتیہ جنتا پارٹی کے یوٹی صدر رویندر رینا نے نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ کو ہدفہ تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ بی جے پی سے سوال کرنے کے بجائے انہیں الیکشن کمیشن سے پوچھنا چاہئے کہ جموں وکشمیر میں چناو کیوں نہیں کرائے جارہے۔انہوں نے بتایا کہ بی جے پی چناو کے لئے پوری طرح سے تیار ہے اور یہ کہ چناو کا حتمی فیصلہ الیکشن کمیشن کو کرنا ہے۔اطلاعات کے مطابق بی جے پی کے یوٹی صدر رویندر رینا نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ فاروق عبداللہ اور دیگر اپوزیشن لیڈروں کے پاس کوئی اخلاقی اختیار نہیں کہ وہ الیکشن کے حوالے سے چیخ و پکار کریں کیونکہ یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا اور آج یہ کس منہ سے چناو کی باتیں کررہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بھاجپا مستقبل میں اپوزیشن اتحاد کو شکست دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں تک چناو کی بات ہے تو یہ فیصلہ الیکشن کمیشن کو کرنا ہے بی جے پی کا اس کے ساتھ کوئی لینا دینا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ فاروق عبداللہ کویہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ چناو کا فیصلہ الیکشن کمیشن کے حد اختیار میں ہے۔رویندر رینا نے مزید بتایا کہ چونکہ فاروق عبداللہ ممبر پارلیمنٹ اور وہ زیادہ تر وقت دہلی میں صرف کرتے ہیں تو انہیں الیکشن کمیشن کے پاس جا کر ان سے یہ سوال کرنا چاہئے۔انہوں نے مزید بتایا کہ بی جے پی نے عوام کی بہتری کے لئے بہت سارے کام کئے ہیں جب بھی چناو ہونگے بی جے پی اپوزیشن اتحاد کو شکست دے گی۔دس اکتوبر کو جموں میں دھرنا دینے کے بارے میں بی جے پی صدر نے کہاکہ یہ دھرنا لوگوں کی بہبودی کے لئے نہیں بلکہ اپنی نوکری ڈھونڈنے کی خاطر ایسا کر رہے ہیں۔
یو این آئی