احمد آباد: ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کے 13ویں ایڈیشن میں انگلینڈ نے جو روٹ کی 86 میں 77 رنز اور کپتان جوس بٹلر کی 42 گیندوں میں 43 رن کی اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ کے سامنے جیت کے لئے 283 رن کا ہدف رکھا۔
آج نریندر مودی اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ نے 50 اوورز میں نو وکٹوں پر 282 رنز بنائے۔
انگلینڈ کے جونی بیرسٹو نے ٹرینٹ بولٹ کے پہلے ہی اوور میں چھکا اور ایک چوکا لگا کر اننگز کی شاندار آغاز کیا۔ تاہم اس کے بعد دونوں سلامی بلےبازوں نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 40 رنز جوڑے۔ انگلینڈ کو پہلا جھٹکا ڈیوڈ ملان کی صورت میں لگا۔ انہیں آٹھویں اوور کی چوتھی گیند پر میٹ ہنری نے آؤٹ کیا۔ ملان 24 گیندوں پر 14 رنز بنانے کے بعد وکٹ کیپر ٹام لیتھم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ملان کے آؤٹ ہونے کے بعد تجربہ کار بلے باز جو روٹ کریز پر آئے ہیں۔ ٹیم کو دوسرا دھچکا 13ویں اوور کی پانچویں گیند پراس وقت لگا جب مشل سینٹنر نے اوپنر جونی بیرسٹو کو آؤٹ کر دیا۔ بیرسٹو 35 گیندوں پر 33 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، وہ سینٹنر کی گیند پر ڈیرل مشل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
راچن رویندرا نے نیوزی لینڈ کو تیسری کامیابی دلائی۔ ہیری بروک نے اپنے پہلے اور اننگز کے 17ویں اوور میں جارحانہ انداز میں رنز بنائے۔ بروک نے تیسری اور چوتھی گیند پر چوکا لگایا ۔ انہوں نے پانچویں گیند پر چھکا لگایا۔ اس کے بعد چھٹی گیند کو باؤنڈری سے باہر بھیجنے کی کوشش میں ڈیون کونوے کو باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے۔
یواین آئی