شمالی کمان کے سربراہ کا ایل او سی کا دورہ، فوج کی تیاریوں کا جائزہ لیا

شمالی کمان کے سربراہ کا ایل او سی کا دورہ، فوج کی تیاریوں کا جائزہ لیا

سری نگر:فوج کی شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دویدی نے جمعرات کے روزرام پورہ اوڑی میں لائن آف کنٹرول کے اگلے علاقوں کا دورہ کیا۔ معلوم ہوا ہے کہ فوجی کمانڈر نے اوڑی میں اگلی چوکیوں کے دورے کے دوران فوج کی تیاریوں کا بچشم جائزہ لیا۔سری نگر نشین دفاعی ترجمان نے بتایا کہ شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دویدی نے جمعرات کے روز رام پور اوڑی میں لائن آف کنٹرول کے اگلے علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں پر فوج کے سینئر آفیسران کے ساتھ گفت وشنید کی۔سرحد پر تعینات اہلکاروں سے بات چیت کے دوران شمالی کمان کے کمانڈر نے کہاکہ سخت ترین موسمی صورتحال اور دیگر چیلنجوں کے باوجود فوجی جوان اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔فوجی کمانڈر نے سرحد پر تعینات جوانوں کو بتایا کہ امن دشن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر سرحد پر مزید چوکسی برتنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اوڑی میں گزشتہ دنوں سیکورٹی فورسز کی جانب سے دراندازی کے دوران تین ملی ٹینٹوں کی ہلاکت کو بڑی کامیابی سے تعبیر کرتے ہوئے سیکورٹی فورسز کے کام کاج کو سراہا۔ناردرن کمانڈر کو اس موقع پر سینئر آفیسران نے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر تعینات افواج کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے جبکہ دراندازی مخالف گرڈ کو بھی مضبوط کیاگیا ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔اس سے قبل لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دویدی کو فوج کے سینئر آفیسران نے سرحدوں کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔فوجی کمانڈر کو مخالفین کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ موصوف فوجی کمانڈر نے اوڑی کے دورے کے دوران فوج کے سینئر آفیسران کے ساتھ گفت وشنید کی اور لائن آف کنٹرول پر قائم مستحکم دراندازی مخالف گرڈ کی سراہنا کی۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.