سری نگر، 3 اگست: لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل کے کاکسر علاقے میں ایک ریسکیو آپریشن کے دوران زخمی ہونے والا لداخ پولیس کا ایک کانسٹیبل قریب دو ہفتوں تک موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد بالآخر زندگی کی جنگ ہار گیا۔ذرائع نے بتایا کہ کرگل کے کاکسر علاقے میں 22 جولائی کو ایک گاڑی دریائے شنگو میں گرنے کے بعد بچاﺅ آپریشن کے دوران یو ٹی ڈی آر ایف یونٹ کرگل کا ایک کانسٹیبل زخمی ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ کار میں سوار لوگوں کو بچانے کے دوران اس کے سر اور کمر میں چوٹیں آئیں جس کے بعد اس کو خصوصی علاج و معالجے کے لئے شیرکشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ ریفر کیا گیا جہاں وہ بدھ کی دوپہر کو زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔متوفی کانسٹیبل کی شناخت محمد رضا کے بطور کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق انہیں کرگل میں اپنے آبائی مقبرے میں سپرد خاک کیا گیا اور ان کے تجہیز و تکفین میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
دریں اثنا ڈیوٹی کے دوران اپنی جان نچھاور کرنے والے کانسٹیبل کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ضلع پولیس لائنز کرگل پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ایل اے ایچ ڈی سی کرگل کے سی ای سی فیروز احمد خان، ضلع مجسٹریٹ کرگل ایس نالا صاحب سوسی، ایس ایس پی کرگل عنایت علی چودھری اور دیگر پولیس و سول افسروں نے شرکت کی۔
یو این آئی