بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
8.1 C
Srinagar

سال رواں کے دوران اب تک ایک کروڑ 27 لاکھ سیاحوں نے جموں و کشمیر کی سیر کی: منوج سنہا

سری نگر، یکم اگست : جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ سال رواں کے دوران اب تک ایک کروڑ 27 لاکھ سیاحوں نے جموں و کشمیر کی سیر کی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں امن کا ماحول قائم ہے اور تجارت اور اسکول اچھی طرح سے چل رہے ہیں۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے چرار شریف علاقے میں لوگوں کے اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نےحضرت شیخ نورالدین نورانی (رح) کے لئے تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے کہا: ‘حضرت شیخ العالم (رح) کو دنیا جانتی ہے انہیں دنیا میں کسی کے سامنے متعارف کرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ آپ شیخ العالم ہیں شیخ الکشمیر نہیں ہیں’۔ان کا کہنا تھا کہ حضرت شیخ العالم (رح) تصوف کے مظہر تھے۔

 

منوج سنہا نے کہا کہ کشمیر میں امن کا ماحول قائم ہے اور اب یہاں تجارت، اسکول اور کالج معمول کے مطابق سال بھر چل رہے ہیں۔انہوں نے کہا: ‘میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ قیام امن کے بغیر کچھ بھی ممکن نہیں ہے، ترقی کا انحصار امن پر ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘ایک وقت ایسا بھی تھا جب ایک شکارا والا، ہوٹل مالک، آٹو رکشا والے کو غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا لیکن آج ہم اس مرحلے سے نکل گئے ہیں’۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سال رواں کے دوران اب تک 1.27کروڑ سیاحوں نے جموں و کشمیر کی سیر کی ہے اور اہم امید کرتے ہیں امسال ریکارڈ تعداد میں سیاح یہاں آئیں گے۔انہوں نے کہا: ‘جب ریکارڈ تعداد میں سیاح یہاں آنے لگے ہیں تو انتظامیہ کی بھی ذمہ داری ہے کہ بہتر انفراسٹکرچر کو یقینی بنائے جس کے لئے ہم یونین ٹریٹری میں ٹورسٹ انفراسٹرکچر کو بڑھا رہے ہیں’۔ان کا کہنا تھا کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں سیاحوں کی آمد سے یہاں کے مقامی دکانداروں، ٹیکسی والوں، ہوٹل اور شکارا والوں کے روز گار میں اضافہ ہوگا۔

مسٹر سنہا نے کہا کہ ضلع بڈگام میں کشمیر یونیورسٹی کا ایک سینٹر قائم ہوگا جس کے لئے میں جلد ہی کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے ساتھ بات کروں گا۔
بڈگام ہسپتال کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اس میں تمام سہولیات دستیاب ہوں گی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اب تک 30 ہزار نوجوانوں کو نوکریاں دی گئیں جن کو صاف و شفاف طریقے سے بھرتی کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ سال رواں کے ماہ ستمبر سے بھرتی عمل دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
یو این آئی ایم اف

Popular Categories

spot_imgspot_img