کشمیر میں برف و باراں کے بعد موسم میں بتدریج بہتری، شبانہ درجہ حرارت معمول سے کم ریکارڈ

سری نگر،9 مئی : وادی کشمیر میں کئی دنوں کے برف و باراں کے بعد موسم میں بتدریج بہتری واقع ہو رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران بعد از دوپہر بعض جگہوں پر ہلکی بارشوں کا بھی امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 10 سے 12 مئی تک موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا اور اس دوران دن کے درجہ حرارت میں بھی اضافہ متوقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں 13 سے15 مئی تک بھی موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا ہی امکان ہے تاہم اس دوران کہیں کہیں ہلکی بارشوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔
محکمے نے باغ مالکوں سے 10 مئی تک باغوں کی دوا پاشی کرنے سے اجتناب کرنے کی تاکید کی ہے۔
ادھر وادی میں ناساز گار موسمی صورتحال کے بیچ شبانہ درجہ حرارت معمول سے نیچے درج ہو رہا ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 6.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے4.4 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور ترین سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.5 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے5.7 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے3.7 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 4.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 4.6 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

یو این آئی 

Leave a Reply

Your email address will not be published.