ملک کے وزیر اعظم نریندرا مودی نے ریڈیو پروگرام من کی بات کی سنچری مکمل کر کے ملک کی سیاسی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیا ۔9سال سے جاری یہ پروگرام اب ملک کے ہر شہری کی زبان پر ہے۔وزیر اعظم نے من کی بات کے اس اہم اور منفرد پروگرام کے ذریعے سے ملک کے اُن لوگوں سے براہ راست پہنچنے کی بھر پور کوشش کی جنہوں نے کبھی ملک کے وزیر اعظم کی فوٹو تک نہیں دیکھی تھی ۔وزیر اعظم نے اس اہم ریڈیو پروگرام کے وساطت سے اپنی زندگی کے مختلف گوشوں پر بات کرکے عام لوگوں کو زندگی میں آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔اس بات سے کسی کو انکار نہیں ہو سکتا ہے کہ دنیا کی کوئی بھی اہم اور اعلیٰ ترین شخصیت اُس وقت تک نام اور مقام ہرگز حاصل نہ کر سکی جب تک نہ اُس نے اپنی زندگی میں پاپڑ بھیلے ہوں۔جہاں تک ملک کے وزیر اعظم کا تعلق ہے، انہوں نے اپنی زندگی کی شروعات کہاں سے کی ہے اور کن مراحل اور مشکلات سے وہ گذرے ہیں ،اس بارے میں کئی کتابیں بھی لکھی جائے تو کم ہیں۔
انہوں نے اپنی زندگی کے حسین دن پہاڑوں ،غاروں اور ریلوے پلیٹ فارموں پر گذارے ، غالباً یہی وجہ ہے کہ اُنہیں ملک کے اُن غریب لوگوں کے مسائل و مشکلات پر ہمیشہ نظر رہی ہے جو غربت و افلاس میں اپنی زندگی گذار رہے ہیں۔وزیر اعظم نے ایسے لوگوں کے لئے ایسے مثبت اقدامات اُٹھائے ہیں جن کی بددولت ان کی سخت زندگی آرام دہ بن گئی۔مختلف مرکزی معاونت والی اسکیموں کو متعارف کیا،کالے دھن کو سامنے لانے کے لئے نوٹ بندی کا قدم اٹھایا،صاف وشفاف تجارت قائم کرنے کے لئے ”جی ایس ٹی“ کا نفاز عمل میں لایا،کسانوں کی آمدنی بڑھانے کے لئے کسان قرض کی اسکیم لاگو کی،بچوں کی تعلیم و تربیت کےلئے مختلف اسکالر شپ پروگراموں کےلئے آن لائن پوٹل قائم کئے،میڈ ان انڈیا اور میک ان انڈیا نعرے کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی۔ڈیجیٹل انڈیا بنا نے کی کوشش میں ملک میں رشوت ستانی کا کسی حد تک خاتمہ ہونے لگا۔
بہرحال جہاں تک وزیر اعظم کے من کی بات پروگرام کا تعلق ہے، اس پروگرام سے ملک کے لاکھوں نوجوانوں کو آگے بڑھنے اور زندگی میں مسائل و مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی ترغیب مل رہی ہے۔ملک کے سیاستدانوں اورسرکاری افسران کو وزیراعظم کی جد و جہد اور محنت ومضبوط اداروں سے سبق حاصل کرنا چاہئے اور اپنی زندگی کا نصب العین بنانا چاہئے کہ وہ اپنے ارد گرد موجود نوجوانوں کی رہنمائی اور رہبری کریں، تاکہ وہ زندگی کے نشیب و فراز اچھی طرح سے سمجھ سکیں اور زندگی میں اچھا مقام حاصل کرسکیں اور وہ بھی وزیر اعظم کی طرح ملک کے عوام کی بہتر ڈھنگ سے خدمت کرپائیں تاکہ یہ ملک بھی ترقی پذیر ممالک کے شانہ بہ شانہ آگے بڑھ سکیں جو کہ وزیر اعظم کا مدعا و مقصد ہے۔من کی بات پروگرام سے بہت سارے لوگوں کو ایک راستہ اورحوصلہ ملا ہے ،اس پروگرام کی ہر سطح پر پذیرائی مل رہی اور عام لوگ اس پروگرام کو سُننے کےلئے بے تابی سے انتظار کرتے ہیں۔





