جموں:لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج کنونشن سینٹر میں جموںوکشمیر بھارت سکاﺅٹس اینڈ گائیڈز کی راجیہ پُر سکار تقریب میں شرکت کی۔
لیفٹیننٹ گورنر جو جموںوکشمیر بھارت سکاﺅٹس اینڈ گائیڈز کے چیف سرپرست بھی ہیں، نے راجیہ پُر سکار ایوارڈ یافتہ سکاﺅٹس اینڈ گائیڈز کو مبارک باد دی اور معاشرے میں ان کے رول کی ستائش کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،”اَپنے پُر اُمید نظریہ سے سکاﺅٹس اینڈ گائیڈز بالخصوص کمیونٹی کے کمزور طبقے کی خدمت کر کے نوجوانوںکو تبدیلی لانے کے قابل بنا کر معاشرے میں تبدیلی کی قیادت کر رہے ہیں۔“
اُنہوں نے نوجوانوں پر زو دیا کہ وہ مہامنا پنڈت مدن موہن مالویہ کی شاندار وراثت پر عمل کریںاور خود کو قوم کی خدمت میںوقف کریں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،” نوجوان تبدیلی کی کلید ہے اور آج وہ دیرپا اِقتصادی ترقی اور سماجی ہم آہنگی میں بڑا کردار اَدا کرنے کے خواہشمند ہیں ۔بے لوث خدمت کے اَپنے عزم سے سکاﺅٹس اینڈ گائیڈز ایک جامع اور خوشحال معاشرے کی تعمیر میں اَپنا حصہ اَدا کر رہے ہیں۔“
اُنہوں نے کہا کہ تیزی سے بدلتی ہوئی دُنیا میں سکاﺅٹس اینڈ گائیڈز کو اَپنی آواز کو عملی جامہ پہنانا ہوگا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ مقامی اِنتظامیہ کے ساتھ شراکت داری میں اُنہیں حکومت کی کوششوں کی تکمیل کے لئے سماجی بہبود کے کاموں میں مشغول ہونا چاہیے اور پُر امن ، مساوی اور اِنصاف پسند کمیونٹیوں کو فروغ دینے کے لئے نوجوانوں کے نئے نیٹ ورکس تیار کرنا چاہیے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ٹرینروں اور ٹیچنگ کمیونٹی پر بھی زور دیا کہ وہ نوجوانوں میں اِنفرادی ترقی اور قائدانہ خصوصیات کو پروان چڑھائیں۔
اُنہوں نے کہا ،” نوجوان مستقبل کے اہم شراکت دار ہیں اور یہ ہماری اِجتماعی ذمہ داری ہے کہ انہیں ان کی صلاحیتوں کو پورا کرنے اور ترقی کے عمل میں اُن کی شمولیت کو مضبوط کرنے کے مواقع فراہم کریں۔“
لیفٹیننٹ گورنر نے جموںوکشمیر بھارت سکاﺅٹس اینڈ گائیڈز سے کہا کہ وہ منشیات کے اِستعمال کی روکتھام کے پروگراموں میں فعال طور پر تعاون کریں۔
اُنہوں نے جموں وکشمیر بھارت سکاﺅٹس اینڈ گائیڈز کے کاموں کو آسان بنانے کے لئے جموںو کشمیر یوٹی اِنتظامیہ کے عزم کو بھی دہرایا۔
اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے مختلف سکولوں کے سکاﺅٹس اینڈ گائیڈز کو راجیہ پُر سکار ایوارڈ اسناد سے نوازا۔
اِس موقعہ پر ممبر پارلیمنٹ جُگل کشور شرما، صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، کمشنر جموںوکشمیر بھارت سکاﺅٹس اینڈ گائیڈز ڈبلیو جی سی ڈی آر ایم ایم جوشی ، ایڈمنسٹریٹر بھارٹ سکاﺅٹس اینڈ گائیڈز جموںوکشمیر اور لداخ چپٹر محترمہ نسرین خان کے علاوہ گائیڈ کیپٹن ، اِنسٹرکٹروں ، پرنسپل ، اَساتذہ اور مختلف سکولوں کے طلباءموجود تھے۔
