صدقہ فطر 65 روپیہ فی کس مقرر: مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام

صدقہ فطر 65 روپیہ فی کس مقرر: مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام

سری نگر، یکم اپریل : جموں وکشمیر کے مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام کا کہنا ہے کہ امسال صدقہ فطر 65 روپیہ فی کس مقرر کیا گیا ہے تاہم صاحبان ثروت کے مقررہ رقم سے زیادہ ادا کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدقہ فطر کی رقم کشمیر اور جموں سے تعلق رکھنے والے علما کے ساتھ مشاورت اور اتفاق رائے سے مقرر کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صدقہ فطر کی ادائیگی ہر مسلمان مرد اور عورت پر واجب ہے یہاں تک کہ شیر خوار بچے پر بھی صدقہ فطر ادا کرنا واجب ہے۔
موصوف مفتی اعظم نے کہا: ‘صدقہ فطر کی رقم مسکینوں، بیوائوں، یتیموں، بے گھر اور بے سہارا لوگوں میں تقسیم کرنی ہے نہ کہ اس رقم کو مساجد، خانقاہوں، درگاہوں یا مذہبی تنظیموں کو دینا ہےٌ۔
انہوں نے کہا کہ صدقہ فطر کی رقم مستحقین تک عید سے قبل ہی پہنچنی چاہئے تاکہ وہ بھی دوسرے لوگوں کے ساتھ عید کی خوشیوں میں شامل ہو سکیں۔
ایک حدیث شریف کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا: ‘صدقہ فطر ماہ مبارک رمضان کے اختتام سے قبل ہی ادا کیا جانا چاہئے تاکہ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں شکر ادا کیا جا سکے جس نے ہمیں فرض روزے رکھنے کی توفیق بخشی’۔
مفتی ناصر الاسلام نے کہا کہ جموں وکشمیر کے جن علما کے ساتھ مشاورت کرکے صدقہ فطر مقرر کیا گیا ان میں متحدہ مجلس علما کے میر واعظ عمر فاروق، دارلعلوم رحیمیہ بانڈی پورہ کے سر پرست اعلیٰ مولانا رحمت اللہ قاسمی، دارلعلوم بانڈی پورہ کے مفتی نذیر احمد قاسمی، مفتی مظفر، مفتی عبدالرحیم، حضر نقشبند صاحب (رح) کے خطیب پروفیسر محمد طیب کاملی، چیئر مین کاروان اسلامی غلام رسول حامی، صوت اولیا کے فیاض احمد رضوی، شیعہ علما آغا سید حسن موسوی، آغا سید محمد ہادی، مولانا مسرور عباس انصاری، مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری محمد یاسین کرمانی، مفتی ہمایوں، شبیر احمد گیلانی، عبدالحمید نعیمی، مولانا یونس، قاضی گنڈ کے عبدالرحمان اشرفی اور جموں سے جن علما کے ساتھ مشاورت کی گئی ان میں مفتی نذیر احمد، مفتی شبیر احمد نوری، قاری علی حسین، حاجی محمد شفیع ناصری، راجوری کے مفتی لیاقت علی ، کٹھوعہ کے ماسٹر اشرف ، مولانا مظفر حسین رضوی جموں، سانبہ کے مولانا شفیع رضوی ، پونچھ کے محمد اقبال ، اودھم پور کے حافظ سید یاسر ، ریاسی کے بشیر احمد قادری اور حاجی محمد طارق جموں شامل ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.