اندور، 31 مارچ : مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان بیلیشور مہادیو مندر کے احاطے میں ہوئے حادثے میں زخمی ہونے والے ایک درجن سے زیادہ لوگوں کی خیریت دریافت کرنے یہاں اسپتال پہنچے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق مسٹر چوہان ایک خصوصی پرواز میں بھوپال سے یہاں پہنچنے کے بعد ایپل اسپتال پہنچے اور زخمیوں سے ملاقات کی۔ وزیر داخلہ نروتم مشرا، آبی وسائل کے وزیر تلسی رام سلوات اور دیگر عوامی نمائندے بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ انہوں نے ڈاکٹروں سے زخمیوں کا حال بھی دریافت کیا۔ انہوں نے مریضوں سے بھی ملاقات کی اور ان کی جلد صحت یابی کی تمنا کی۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کا بہتر طریقے سے علاج کیا جائے گا۔
مسٹر چوہان نے اس واقعہ کے بارے میں سینئر حکام سے معلومات حاصل کیں۔ وہ کچھ دیر میں جائےواقعہ پر بھی جا سکتے ہیں، جہاں راحت اور بچاؤ کا کام ابھی جاری ہے۔
اس حادثے میں اب تک 35 عقیدت مند اپنی جان گنوا چکے ہیں۔ ایک درجن سے زائد زخمی ہیں، جو یہاں کے اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ اس کے علاوہ باولی میں مزید کچھ لوگوں کے پھنسنے کا خدشہ ہے۔
یواین آئی