فقیر احد بٹ :تکیہ کرمشورہ بڈگام کے سجادہ نشیں وصوفی شاعر

فقیر احد بٹ :تکیہ کرمشورہ بڈگام کے سجادہ نشیں وصوفی شاعر

شوکت ساحل

بڈگام سرینگر سے 22کلو میٹر اور سطح سمندر سے ایک ہزار668میٹر کی بلندی پر واقع کرمشورہ بڈگام کا گاﺅں تاریخی اہمیت کا حامل ہے ۔جہاں یہ گاﺅں اپنے فطری نظاروں اور آب وہوا کے لئے مشہور ومعروف ہے ،وہیں یہ گاﺅں صوفی بزرگان دین اور فقیروں کی مسکن کے لئے مقبول ِ عام ہے ۔

کرمشورہ بڈگام گاﺅں تکیہ کرمشورہ کے لئے مشہور ومعروف ہے۔اس تکیہ کی بنیاد دہائیوں قبل فقیر احمد بٹ نے ڈالی ۔تکیہ کے معنی ’فقیروں اور آزادوں کا مسکن یا درویشوں کے رہنے کی جگہ‘ ہے ۔کرمشورہ بڈگام کے صوفی تکیہ کے تکیہ دار یعنی سجادہ نشیںفقیر احد بٹ ہیں ،جو فقیر احمد بٹ کے پوتے ہیں ۔فقیر احد بٹ صوفی شاعر بھی ہیں ،حال میں اں کا ایک شاعری مجموعہ ”چشمہ آب حیات “ منظر عام پر آچکا ہے ۔

ایشین ملیل کے ملٹی میڈیا کے ہفتہ وار پروگرام ” بزم عرفان “ میں وادی کے معروف براڈ کاسٹر عبد الاحد فرہاد کیساتھ خصوصی گفتگو کے دوران فقیر احد بٹ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے دادا مرحوم فقیر احمد بٹ نے اپنے مرشد کے کہنے پر معاشرتی وسماجی بھلائی اور فلاح وبہبود کے لئے کرمشور بڈگام میں ’تکیہ ‘ کی بنیاد ڈالی ۔

اس صوفی تکیہ کے احاطے میں ایک مسجد شریف ، متعدد صوفی بزرگوں اور فقیر احد بٹ کے ابا واجداد کا مزار (آستان عالیہ ) واقع ہونے کے علاوہ ایک قدیم غار بھی ہے ،جس میں فقیر احمد بٹ اور فقیر احد بٹ نے برسوں تک چلہ کشی کی ۔

فقیر احد بٹ کہتے ہیں کہ اُنکے دادا مرحوم فقیر احمد بٹ نے اپنے صوفی رفقاءکے ہمراہ برسوں تک اس مقام سے صوفی تعلیمات اور سلسلے کے ادھورے مشن کو آگے بڑھایا ۔آج بھی اس تکیہ سے گنگناتا صوفی آبشار مضطرب دلوں کو سرشاد کرتا ہے ۔یہ تکیہ چوبیس گھنٹے سکون ِ قلب وذہن کے متلاشیوں کے لئے کھلا رہتا ہے اور یہاں سے فیضیاب ہوتے ہیں ۔

فقیر احد بٹ نے کہا کہ اس تکیہ پر ہر جمعرات کو شب ِ خواتی ہے اور کشمیر کے کونے کونے سے لوگ یہاں آکر اُس پُروقار مجلس میں شرکت کرتے ہیں ۔فقیر احد بٹ علم ِ حکمت بھی جانتے ہیں اور بہت سارے مریض اللہ تعالیٰ کی مرضی سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں ۔فقیر احد بٹ کا دعویٰ ہے کہ مستقبل میں بھی اس تکیہ سے فیضیابی کا سلسلہ جاری رہے گا ،کیوں کہ ایسے صاحب ِ فر مانبردار ہیں ،جو یہ صوفی سلسلہ آگے بڑھائیں گے ۔

فقیر احد بٹ کہتے ہیں کہ روحانیت ایک عام بندے کو بلند بناتی ہے اور روحانیت کے آگے کچھ نہیں ہے ۔یاد رہے کہ کرمشورہ بڈگام میں آفتاب ِ صوفی شاعر حضرت شمس فقیرؒ کا مزار بھی واقع ہے اور یہ گاﺅں روحانیت وصوفیت کا مرکز تصور کیا جاتا ہے ۔

 

 

 

Leave a Reply

Your email address will not be published.