پراپرٹی ٹکس کو چند برسوں کے لئے موقوف کیا جانا چاہئے: غلام نبی آزاد

پراپرٹی ٹکس کو چند برسوں کے لئے موقوف کیا جانا چاہئے: غلام نبی آزاد

سری نگر،23 فروری : ڈیموکریٹک آزاد پارٹی (ڈی اے پی) کے چیئر مین غلام نبی آزاد کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر کے لوگ پراپرٹی ٹیکس ادا کرنے کی سکت نہیں رکھتے ہیں لہذا حکومت کو چاہئے کہ وہ اس فیصلے کو چند برسوں کے لئے موقوف کرے۔انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگوں کے پاس کھانا کھانے کے لئے پیسے نہیں ہیں تو وہ ٹیکس کیسے ادا کریں گے۔
موصوف چیئرمین نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو جنوبی کشمیر کے اننت ناگ میں نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دینے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ’ٹیکس دینے میں ہمارے لوگوں کو کوئی دقت نہیں ہے لیکن آمدنی بھی ہونی چاہئے ہمارے لوگوں میں ابھی یہ ٹیکس دینے کی سکت نہیں ہے‘۔ان کا کہنا تھا: ’لوگوں کے پاس ابھی کھانا کھانے کے لئے پیسے نہیں ہیں تو وہ ٹیکس کیسے ادا کریں گے‘۔
مسٹر آزاد نے کہا کہ سرکار سے میری یہی اپیل ہے کہ وہ اس ٹیکس کو چار پانچ برسوں تک روکے جب تک یہاں لوگوں کے اقتصادی حالات ٹھیک ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جب یہاں سیاحت، باغبانی، ہینڈی کرافٹس کے شعبے ٹھیک ہوں گے تب لوگ ٹیکس دینے کے لائق ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ سرکا کو چاہئے کہ وہ لوگوں کے ساتھ ہمدردی کرے اور دفتروں میں بیٹھ کر نہیں بلکہ عوام کے ساتھ مل کر پالسیاں بنائے۔
انسداد تجاوزات مہم کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا: ’انسداد تجاوزات مہم پر روک لگنی چاہئے تھی‘۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.