امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای شہید ہوگئے، ایران کے سرکاری میڈیا نے آیت اللّٰہ کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران بھر میں 7 روزہ تعطیل اور 40 روز کے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔
ایران کی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے ان حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر کی بیٹی، داماد اور نواسی بھی شہید ہوئے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی کو ان کے دفتر میں شہید کیا گیا۔ وہ اپنے تفویض کردہ فرائض سرانجام دے رہے تھے اور شہادت کے وقت اپنے دفتر میں تھے۔
ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے مشرقِ وسطیٰ میں 27 امریکی فوجی اڈوں پر نیا حملہ کردیا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر بمباری کے جواب میں جوابی کارروائیوں کا چھٹا مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران نے اسرائیل اور خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر وسیع پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔
علی رضا اعرافی سپریم لیڈر کے فرائض انجام دینے والی عبوری کونسل کے رکن مقرر
علی رضا اعرافی کو ایرانی سپریم لیڈر کے فرائض انجام دینے والی عبوری کونسل کا رکن مقرر کر دیا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق آیت اللّٰہ علی رضا اعرافی کو قیادت کونسل کے فقیہ مقرر کر دیا گیا، قیادت کونسل عارضی طور پر سپریم لیڈر کے فرائض انجام دے گی۔
تین رکنی کونسل میں ایرانی صدر پزشکیان اور ایرانی چیف جسٹس بھی شامل ہیں۔
امریکا اسرائیل جان لیں ایرانی عوام اپنے لیڈر کا بدلہ ضرور لیں گے
ایرانی عدلیہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ امریکا اسرائیل جان لیں ایرانی عوام اپنے لیڈر کا بدلہ ضرور لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت جان لے کہ ان اقدامات سے مسلمانوں کے ارادے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
ایرانی قومی سیکیورٹی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی نے کہا ہے کہ کل ایران نے امریکا اور اسرائیل پر میزائل داغے اور انہیں نقصان پہنچا۔
علی لاریجانی کا کہنا ہے کہ آج ہم انہیں ایسی طاقت سے ماریں گے جس کا تجربہ انہوں نے پہلے کبھی نہیں کیا ہو گا۔
قبل ازیں سینئر اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا کہ حملوں کے بعد ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی میت مل گئی ہے۔
برطانوی میڈیا نے بھی اسرائیلی حکام کے حوالے سے کہا کہ خامنہ اِی کی لاش ملی ہے۔
امریکی حکام نے بھی تصدیق کی کہ ہمیں یقین ہے کہ خامنہ ای اور 5 سے 10 اعلیٰ ایرانی رہنما کمپاؤنڈ پر اسرائیلی حملے میں مارے گئے ہیں۔
گزشتہ روز امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملوں میں 201 ایرانی شہری شہید اور 747 زخمی ہوئے تھے۔
سوگوار ہجوم تہران کے انقلاب چوک میں جمع ہونا شروع
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر سوگوار ہجوم تہران کے انقلاب چوک میں جمع ہونا شروع ہوگیا ہے۔
ایرانی شہری ملک کا قومی پرچم تھامے انقلاب چوک میں جمع ہورہے ہیں، جہاں سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کا غم منایا جارہا ہے۔
ایرانی فوج کا سپریم لیڈر کو شہید کیے جانے کا بدلہ لینے کا اعلان
ایرانی فوج نے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کو شہید کیے جانے کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔
روسی میڈیا کے مطابق ایرانی فوج نے واضح کیا ہے کہ جارح کو سخت سزا دی جائے گی۔ وہ دیکھ لیں گے کہ انہوں نے کیا کیا ہے۔
سپریم لیڈر کی شہادت پر ایرانی حکومت کا بیان
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد ایرانی حکومت کا بیان سامنے آگیا۔
ایرانی حکومت نے اپنے بیان میں کہا کہ اللّٰہ کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے۔’ظلم کرنے والوں کو پتہ چل جائے گا کہ انقلابی کون ہیں‘۔
عراق کے رہنما مقتدیٰ الصدر کی آیت اللّٰہ کی شہادت پر تعزیت
عراق کے رہنما مقتدیٰ الصدر نے اپنے پیغام میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر تعزیت کی۔
عراق کی صدر تحریک کے سربراہ نے رہبر انقلاب اسلامی کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے عالم اسلام کے نام ایک پیغام جاری کیا اور عراق میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
عراق میں مقدس روضوں پر انقلاب کی علامت سرخ لائٹیں روشن
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شہادت پر عراق میں مقدس روضوں پر انقلاب کی علامت سرخ لائٹیں روشن کردی گئی ہیں۔
شہادت سے پہلے مقدس روضوں پر نارمل لائٹیں روشن تھیں تاہم جیسے ہی شہادت کی اطلاع ملی تو پہلے لائٹیں بند کردی گئیں اور پھر انقلاب کی علامت سرخ لائٹیں روشن کردی گئیں۔
بریگیڈیئر جنرل احمد واحدی پاسداران انقلاب اسلامی کا نیا کمانڈر انچیف مقرر
ایران میں بریگیڈیئر جنرل احمد واحدی کو ایران کی پاسداران انقلاب اسلامی کا نیا کمانڈر انچیف مقرر کردیا گیا ہے۔
سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای مارے جاچکے ہیں، امریکی صدر
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای مارے جاچکے ہیں۔
اپنے سوشل میڈیا بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ ایران کے آیت اللّٰہ خامنہ ای کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ ایرانی عوام کے لیے اپنا ملک واپس لینے کا واحد سب سے بڑا موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ خامنہ ای کی موت ناصرف ایرانی عوام بلکہ دنیا کے لیے انصاف ہے، اہداف کے حصول تک ایران پر شدید بمباری جاری رہے گی۔
امریکی صدر نے کہا کہ خامنہ ای ہمارے انٹیلیجنس اور ٹریکنگ سسٹم کو مات نہیں دے سکتے تھے، ہمارے اور اسرائیل کے مشترکہ کھوج کے سامنے وہ اور اسکے ساتھی کچھ نہیں کرسکتے تھے۔
آیت اللّٰہ خامنہ ای کے دفتر کا کہنا ہے کہ دشمن نفسیاتی جنگ کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔
اسرائیل کا ایک بار پھر ایران پر حملہ
اسرائیل نے ایک بار پھر ایران پر حملہ کردیا ہے، ایرانی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران کے دارالحکومت تہران میں دھماکا ہوا ہے۔
تل ابیب میں اسرائیلی وزارت دفاع کی عمارت پر میزائل حملہ
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ تل ابیب میں اسرائیلی وزارت دفاع کی عمارت پر ایران نے میزائل حملہ کیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق تل ابیب میں میزائل حملے کے بعد متعدد عمارتوں میں آگ بھڑک اُٹھی، حملے میں 20 افراد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
عراق کے شہر اربیل میں امریکی قونصل خانے پر میزائل حملہ
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ عراق کے شہر اربیل میں امریکی قونصل خانے پر میزائل حملہ کیا گیا ہے۔
دبئی ایئرپورٹ پر ایران کے میزائل حملے میں 4 افراد زخمی
دبئی ایئرپورٹ پر ایران کے میزائل حملے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔
دبئی میڈیا آفس نے دبئی ایئرپورٹ پر حملے کی تصدیق کردی ہے۔
اماراتی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ایران کے 132 میزائلوں کو تباہ اور 195 ڈرونز کو گرادیا گیا ہے۔
کچھ دیر قبل اماراتی وزارت داخلہ نے میزائل حملے سے متعلق نیا الرٹ جاری کیا تھا۔
اماراتی وزارت داخلہ نے رہائشیوں کے موبائل فونز پر سیکیورٹی الرٹ بھیجا اور کہا کہ رہائشی فوری طور پر شیلٹر میں چلے جائیں۔
یو این سیکرٹری جنرل کی ایران پر امریکی اور اسرائیلی جارحیت کی مذمت
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایران پر امریکی اور اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کا چارٹر تمام رکن ممالک کو سیکیورٹی ضمانت دیتا ہے۔
سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ ایران کا ردعمل پورے خطے میں پھیل رہا ہے، پرامن حل کے علاوہ اور کوئی آپشن نہیں ہے۔
انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ ایران پر حملوں اور جوابی ایرانی کارروائی سے دنیا کا امن خطرے میں پڑگیا ہے، تمام فریقین کو مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے۔
ایران میں طالبات کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر افسردہ ہوں، ملالہ
نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے کہا ہے کہ ایران میں متعدد طالبات کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر افسردہ ہوں۔
اپنے بیان میں ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ شہریوں خصوصاً بچوں کی اموات ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ خطے میں تشدد فوری بند کیا جائے۔
تہران، خرم آباد، قم، اصفہان، کرج، کرمان شاہ، لورستان اور تبریز میں حملے ہوئے
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران میں متعدد اسرائیلی میزائل یونیورسٹی اسٹریٹ اور جمہوری ایریا پر گرے ہیں، یہ امریکا اور اسرائیل کا مشترکہ حملہ ہے۔
اسرائیل اور امریکا نے تہران، خرم آباد، قم، اصفہان، کرج اورکرمان شاہ، لورستان اور تبریز میں حملے کیے ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں ایران میں ہزاروں اہداف کو نشانہ بنایا جائے گا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران میں 500 اہدف کو 200 اسرائیلی طیاروں نے نشانہ بنایا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں 201 ایرانی شہری جاں بحق اور 747 زخمی ہوئے ہیں، حملوں میں ایرانی وزیر دفاع امیر ناصر زادہ بھی شہید ہوگئے۔
حملوں کے بعد ایران نے بھی اسرائیل پر جوابی میزائل حملہ کیا، جبکہ ایران نے خطے میں موجود امریکی ایئر بیسز کو بھی نشانہ بناتے ہوئے کارروائیوں کی کامیابی کا دعویٰ کیا ہے۔
ایران پر حملے میں سپریم لیڈر اور صدر کو نشانہ بنایا گیا، اسرائیلی عہدیدار
اسرائیلی عہدیدار کا کہنا ہے کہ ایران پر آج ہونے والے امریکی و اسرائیلی مشترکہ حملے میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان کو نشانہ بنایا گیا۔
سینئر اسرائیلی حکام نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی لاش ملنے کا دعویٰ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی عہدیدار کا کہنا ہے کہ امریکا اسرائیل حملے کے نتائج غیر واضح ہیں۔
ایرانی میڈیا ذرائع کے مطابق امریکی اسرائیلی حملے میں متعدد ایرانی پاسداران انقلاب گارڈز کے سینئر کمانڈرز اور سیاسی حکام جاں بحق ہوگئے۔
خامنہ ای کے کمپاؤنڈ کے قریب 7 میزائل گرے
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی صدارتی محل اور سپریم لیڈر خامنہ ای کے کمپاؤنڈ کے قریب 7 میزائل گرے ہیں جبکہ تہران کے مضافات اور کئی مقامات سے دھویں کے گہرے بادل اٹھتے دکھائی دیے ہیں، افراتفری کی صورتِ حال دیکھنے میں آ رہی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ملک میں انٹرنیٹ سروس بند ہونے کے سبب بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
خامنہ ای محفوظ مقام منتقل
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای تہران میں موجود نہیں ہیں، انہیں محفوظ جگہ منتقل کر دیا گیا ہے، ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے بارے میں بھی معلوم ہوا ہے کہ وہ محفوظ ہیں۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ ایران پر پیشگی حملے شروع کر دیے گئے ہیں، اسرائیلی وزیرِ دفاع نے بھی اس حوالے سے تصدیق کی ہے۔
ایران کا دبئی، بحرین، کویت، ابوظبی اور قطر میں امریکی اڈوں پر بھی وار
ایران نے قطر میں العدید ایئربیس، کویت میں السلیم ایئربیس، یو اے ای میں الدفرا ایئربیس اور بحرین میں بحری ایئربیس کو نشانہ بنانے کی تصدیق کی ہے۔
ہم حتمی فتح کے بہت قریب ہیں: رضا پہلوی
ایران کے سابق شاہ کے جلاوطن بیٹے رضا پہلوی نے ایرانی عوام سے دوبارہ سڑکوں پر نکلنے کی اپیل کر دی اور کہا کہ احتجاج دوبارہ شروع کرنے کا وقت قریب ہے۔
ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران پر امریکا اور اسرائیلی حملوں کے بعد سابق شہنشاہ رضا شاہ پہلوی کے بیٹے رضا پہلوی کا بیان سامنے آیا ہے۔
رضا پہلوی کا کہنا ہے کہ ہم حتمی فتح کے بہت قریب ہیں، میں جلد از جلد آپ کے درمیان پہنچنا چاہتا ہوں تاکہ ہم مل کر ایران کو واپس لے سکیں اور اسے دوبارہ تعمیر کرسکیں۔
ایران پر حملہ: اسرائیلی و امریکی مشترکہ آپریشنز کے مختلف نام سامنے آگئے
اسرائیل نے ایران کے خلاف آپریشن کا نام ’لائنز روئر‘ جبکہ امریکا نے حالیہ کارروائی کو ’آپریشن ایپک فیوری‘ کا نام دیا ہے۔
یہ نام وزیرِاعظم نتین یاہو نے تجویز کیا جبکہ اس سے قبل اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) نے ان حملوں کے لیے اندرونی طور پر ایک مختلف نام رکھا ہوا تھا۔
ادھر پینٹاگون کے مطابق ایران کے خلاف امریکی آپریشن ایپک فیوری جاری ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق پینٹاگون نے ایران کے خلاف امریکی آپریشن کو آپریشن ایپک فیوری کا نام دیا ہے۔
ایران پر آپریشن کا منصوبہ مہینوں پہلے بنایا: اسرائیلی دفاعی اہلکار
اسرائیلی دفاعی اہلکار کا کہنا ہے کہ ایران میں امریکا کے ساتھ مل کر اسرائیلی آپریشن جاری ہے، ایران پر آپریشن کا منصوبہ مہینوں پہلے بنایا گیا تھا، ایران پر حملے کی تاریخ کا فیصلہ ہفتوں پہلے کیا گیا تھا۔
اس حوالے سے امریکی عہدیدار کا بھی یہی مؤقف سامنے آیا ہے جس کا کہنا ہے کہ امریکا نے اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران پر مشترکہ حملہ کیا ہے، ایران پر امریکی حملے فضا اور سمندر سے جاری ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ان حملوں کے بعد ایران نے فضائی حدود بند کر دی ہیں۔
ان حملوں کا اختتام اب آپ کے اختیار میں نہیں رہا: ایران
ایرانی پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ ان حملوں کا اختتام اب آپ کے اختیار میں نہیں رہا۔
امریکی اور اسرائیلی حملوں کے کچھ دیر بعد ایران نے بھی اسرائیل پر میزائل حملہ کیا ہے جس کے بعد اسرائیلی فوج کا بیان سامنے آیا ہے کہ خطرے سے نمٹنے کے لیے دفاعی نظام آپریٹ کر رہے ہیں۔
اسرائیلی حکام نے شہریوں کو شیلٹرز میں جانے کی بھی ہدایت کر دی ہے۔
اسرائیل میں ایرانی حملوں کے پیشِ نظر ہنگامی صورتحال نافذ
اسرائیلی افواج نے ایرانی حملوں کے پیشِ نظر ملک بھر میں ہنگامی صورتحال نافذ کر دی ہے۔
اسرائیلی فوج نے ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ پناہ گاہوں کے قریب رہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی افواج نے تصدیق کی ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل کی طرف میزائل داغے گئے ہیں، جس کے بعد شمالی اسرائیل میں سائرن بجنے شروع ہو گئے۔
عراق میں فضائی حدود بند
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ان حملوں کے بعد عراق نے فضائی حدود بند کر دی ہے جبکہ کویت نے ایران کے لیے اگلے حکم تک تمام پروازیں معطل کر دی ہیں۔







