ہفتہ, فروری ۲۸, ۲۰۲۶
13.9 C
Srinagar

امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد ایران کے امریکی اڈوں پر میزائل حملے،کون کون سے ممالک نشانے پر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ایران پر حملے میں امریکہ بھی شامل ہے اور امریکہ نے ایران میں ’بڑے پیمانے پر اہم جنگی کارروائیاں‘ شروع کر دی ہیں۔ ادھر پاسداران انقلاب نے جوابی کارروائی میں اسرائیل کے خلاف ’بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے‘ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ایران کے رہبر اعلیٰ کے دفتر پر حملوں کی اطلاع، ایران میں کہاں کہاں حملے ہوئے؟,جیال گول، بی بی سی نیوز

HAMSHAHRI

،تصویر کا ذریعہHAMSHAHRI

تہران اور ایران کے کئی شہروں میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ تہران میں رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای کے دفتر اور صدارتی دفتر کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

کرمانشاہ، قم، اصفہان، تبریز، کرج اور جنوبی علاقے کنارک میں ایرانی بحریہ کی تنصیبات سمیت فوجی مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ کرد علاقے کے ایک چھوٹے شہر کامیاران سے موصولہ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک پاسدارانِ انقلاب کا اڈہ بمباری کا شکار ہوا ہے۔

اسرائیلی دفاعی افواج نے ایرانی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ فوجی مقامات اور تنصیبات کے قریب سے انخلاء کر لیں۔

تہران کے نرماک محلے سے موصولہ تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ سابق صدر محمود احمدی نژاد کی رہائش گاہ کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ یہ واضح نہیں کہ سابق صدر زخمی ہوئے ہیں یا نہیں۔

ایرانی وزارتِ داخلہ نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز حالات کو قابو میں رکھنے کے لیے تیار ہیں اور ملک بھر کے کئی ہسپتال ہنگامی صورتحال کے پیش نظر تیار حالت میں ہیں۔

مریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد ایران نے کن ممالک میں امریکی اڈوں پر جوابی میزائل حملے کیے ہیں؟

getty

،تصویر کا ذریعہGetty Images

امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد ایران نے خطے میں امریکی اڈوں پر جوابی میزائل حملے کیے ہیں۔اب تک کی معلومات کے مطابق بحرین، ابوظہبی اور قطر میں میزائل حملے ہوئے ہیں جبکہ ریاض میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

پاسداران انقلاب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کے میزائلوں اور ڈرونز نے بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کے ہیڈکوارٹر اور قطر اور متحدہ عرب امارات میں دیگر امریکی اڈوں کے ساتھ ساتھ اسرائیل میں ’فوجی اور سیکورٹی مراکز‘ کو نشانہ بنایا ہے۔

بحرین:

بحرین کی نیشنل کمیونیکیشن سینٹر کا کہنا ہے کہ امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کے سروس سینٹر کو ’میزائل حملے سے نشانہ بنایا گیا ہے‘۔

بحرین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بھی اس کی تصدیق کی ہے کہ امریکی بحریہ کے پانچویں بحری بیڑے کے ہیڈ کوارٹر کو میزائل حملے سے نشانہ بنایا گیا۔

واضح رہے کہ بحرین امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کے ہیڈکوارٹرز کا مرکز ہے، جس کا دائرہ کار خلیج، بحیرہ احمر، بحیرہ عرب اور بحرِ ہند کے بعض حصے شامل ہیں۔

ابوظہبی:

متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ آج ملک کو ایرانی بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے ایک ’جارحانہ حملے‘ کا سامنا کرنا پڑا، جسے اماراتی فضائی دفاعی نظام نے ناکام بنا دیا اور متعدد میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا۔

حکام کے مطابق دارالحکومت ابوظہبی کے ایک رہائشی علاقے میں میزائلوں کے ملبے کے گرنے سے کچھ مالی نقصان ہوا اور ایشیائی نژاد ایک شخص ہلاک ہوا۔

وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ ملک کی سکیورٹی صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور متعلقہ ادارے چوبیس گھنٹے حالات کی نگرانی کر رہے ہیں۔

خیال رہے ابوظہبی میں الظفرہ ایئر بیس ہے جہاں امریکی اہلکار تعینات ہیں۔

یہ متحدہ عرب امارات میں واقع ایک اہم فضائی اڈہ ہے جہاں امریکی فضائیہ کے اہلکار اور طیارے بھی تعینات رہتے ہیں اور یہ خطے میں امریکی فوجی سرگرمیوں کے لیے ایک سٹریٹیجک مرکز سمجھا جاتا ہے۔

قطر:

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں دھماکوں اور فضائی حملے کے سائرن کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

قطر کی وزارتِ دفاع نے ریاستی میڈیا کے مطابق کہا ہے کہ ملک کی سرزمین کو نشانہ بنانے والے متعدد حملوں کو ’مہارت سے ناکام بنا دیا گیا ہے۔‘

ایک قطری اہلکار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ امریکی ساختہ پیٹریاٹ بیٹری نے ایک ایرانی میزائل کو روک لیا۔

قطر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے قطری وزارت دفاع کا حوالہ دیتے ہوئے اعلان کیا کہ ملک کو نشانہ بنانے والے تمام میزائلوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔

قطر میں ’العدید ایئر بیس‘ موجود ہے، جو خطے میں سب سے بڑی امریکی فوجی اڈہ ہے۔ اس اڈے پر اس سے قبل بھی ایران کی طرف سے میزائل داغے گئے تھے۔

ریاض:

اے ایف پی کے مطابق ریاض میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔سعودی دارالحکومت ریاض میں اے ایف پی کے نامہ نگاروں نے قطر اور بحرین میں امریکی اڈے پر حملوں کے بعد زور دار دھماکوں کی آوازیں سنیں۔

قبل ازیں قطر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے ملک کی وزارت دفاع کا حوالہ دیتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ ملک کو نشانہ بنانے والے تمام میزائلوں کو روک کر مار گرایا گیا۔

ایران کے میزائل اور ڈرون حملے جاری رہیں گے: پاسداران انقلاب

پاسداران انقلاب نے قطر اور متحدہ عرب امارات میں امریکی اڈوں پر میزائل اور ڈرون حملوں کی تصدیق کی ہے۔

پاسداران انقلاب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کے میزائلوں اور ڈرونز نے بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کے ہیڈکوارٹر، قطر اور متحدہ عرب امارات میں دیگر امریکی اڈوں کے ساتھ ساتھ اسرائیل میں ’فوجی اور سکیورٹی مراکز‘ کو نشانہ بنایا۔بیان میں کہا گیا کہ ایران کے میزائل اور ڈرون حملے جاری رہیں گے۔

پاکستان کی ایران پر بلاجواز حملوں کی مذمت، فوری طور پر کشیدگی روکنے کا مطالبہ

پاکستان کے ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کو ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کا فون موصول ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے ایران اور وسیع تر خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

اسحاق ڈار نے ایران کے خلاف بلاجواز حملوں کی سخت مذمت کی اور فوری طور پر کشیدگی کو روکنے کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے زور دیا کہ بحران کے پُرامن اور مذاکراتی حل کے لیے فوری طور پر سفارت کاری دوبارہ شروع کی جائے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img