یہ ایک بہترین موقعہ ہے کہ ہم سب سے بڑی جیت کیلئے جدوجہد کریں، کھیلوں کے جذبے، امن، مساوات، دوستی اور حریفوں کیلئے احترام کو برقرار رکھیں۔ یکجہتی کا جذبہ اور ایک بھارت شریشٹھ بھارت ہمیں مضبوط بنائے گا۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا
گلمرگ:وزیر اعظم نریندر مودی کے شریک کھلاڑیوں کے نام پیغام سے گلمرگ میں کھیلو اِنڈیا نیشنل وِنٹر گیمز کے تیسرے ایڈیشن کا آغازہوا۔
میگا سپورٹس ایونٹ کو جموںوکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا اور مرکزی وزیر امور ِ نوجوان و کھیل اور آئی اینڈ بی انوراگ ٹھاکر کی موجودگی میں شروع کیا گیا ۔
سرمائی کھیلوں کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے زائد اَز 1,500 کھلاڑی 11مختلف سرمائی کھیلوں میں حصہ لیں گے۔
مرکزی وزیر کھیل کود انوراگ ٹھاکرنے نچلی سطح پر کھیلو ں کی سہولیات کو فروغ دینے اور بہت کم وقت میں کھیلوں کے شعبے میں بے مثال ترقی حاصل کرنے کے لئے جموںوکشمیر حکومت کی ستائش کی۔
اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر نے صرف تین برسوں میں کھیلوں کی دُنیا میں جو کچھ کیا ہے وہ بڑے فخر کی بات ہے ۔ ہر ضلع میں اِنڈور سٹیڈیم بنائے گئے ہیں اور ہر گاﺅں میں کھیل کا میدان ہے ۔ جہاں کبھی پتھراﺅ کے واقعات ہوتے تھے آج وہاں فٹ بال ، ووشو اور مختلف کھیل کھیلے جاتے ہیں ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ نئے جموں وکشمیر کی تصویر ہے۔
مرکزی وزیر نے یوٹی میں سرمائی کھیلوں کے لئے سینٹر آف ایکسیلنس تیار کرنے میں مکمل سپورٹ اور تعاون کا یقین دِلایا ۔
اُنہوں نے کہا کہ یہ وزیرا عظم نریندرمودی جی کا ویژن ہے کہ وہ پورے ہندوستان میں کھیلوں کا بنیادی ڈھانچہ تشکیل دیں ۔اُنہوں نے کہا کہ وادی میں نیشنل سینٹر آف ایکسی لینس کا قیام جموںوکشمیر کے کھلاریوں کی مدد کرے گا۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے اَپنے خطاب میں کہا کہ تیسرے کھیلو اِنڈیا نیشنل وِنٹر گیمز میں حصہ لینے والے کھلاریوں کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی جی کا پیغام اور آشیر واد ان کی حوصلہ اَفزائی کریں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ کھیلو اِنڈیا سرمائی کھیل کھیلوں کا جشن منائیں گے اور ان کا اعزاز دیں گے اور کھلاڑیوں کی مہارت اور برداشت کے مقابلوں کا مشاہدہ کریں گے ۔ یہ ایک بہترین موقعہ ہے کہ ہم سب سے بڑی جیت کے لئے جدوجہد کریں ، کھیلو ں کے جذبے ، اَمن ، مساوات ، دوستی اور حریفوں کے لئے احترام کو برقرار رکھیں۔اُنہوں نے کہا کہ اتحادکا جذبہ اور ایک بھارت شریشٹھ بھارت ہمیں مضبوط بنائے گا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،” اِس وقت پورا ملک تیسرے سرمائی کھیلوں کے خواب سے متحد ہے اور اِس میں حصہ لینے والا ہر کھلاڑی جموںوکشمیر کا بہترین سفیر بن جائے گا۔ ’ یہ کھیل’ واسودھائیو کٹم بکم “ جذبے کے ساتھ تماشا خیر سگالی کے بندھن کو مضبوط کرے گا اور تمام کھلاڑیوں کو ایک فیملی کے طور پر متحد کرے گا۔“
لیفٹیننٹ گورنر نے جموںوکشمیر کے لوگوں کی طرف سے کھلاڑیوں ، آفیشلز اور کھیلوں کے شائقین کا خیرمقدم کیا اور تمام مہمانوں کو مدعو کیا جو ملک کے کونے کونے سے جموںوکشمیر کی مہمان نوازی، کھیلوں اور ناقابل یقین نظاروںسے لطف اندوز ہونے کے لئے آئے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنرنے وزیر اعظم کی قیادت میں جموںوکشمیر کے کھیلوں کی ثقافت میں تبدیلی کو بھی اُجاگر کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ گذشتہ کچھ برسوں میں جموںوکشمیر نے ملک کو کھیلو ںکے بہت سے ہیرو دئیے ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ یوٹی اور عالمی معیار کے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے اور سہولیات کو فروغ دینے میں یوٹی حکومت کی مسلسل کوششوں ، متحرک کھیلوں کی ثقافت اور بڑی ریاستوں کے برابر کھیلوں کے بجٹ نے جموںوکشمیر کے کھیلوں کے شعبے میں ایک نئی جہت کا اِضافہ کیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود ہماری اوّلین ترجیح ہے ۔ہمارے کھلاڑیوں کے لئے باوقار زندگی کو یقینی بنانے اور نوجوانوں کی حوصلہ اَفزائی کے لئے خصوصی کو ششیں کی جارہی ہیں کہ وہ کھیلوں کو بطور کیرئیر منتخب کریں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ برس کھیلوں کے مختلف مقابلوں میں 50 لاکھ سے زائد نوجوانوں نے شرکت کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ مرکزی وزارت کھیل کود کی مدد سے ہم سرمائی کھیلوں کے لئے سینٹر آف ایکسی لینس کے قیام کے لئے کام کریں گے ۔ مقام کی پہلے ہی شناخت ہوچکی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو اَپنے کیر یئر میں بہترین کارکردگی دِکھانے کے مواقع فراہم کرنے کے لئے تمام کوششیں کی جارہی ہےں۔
اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر اور مرکزی وزیر کھیل کود نے جموںوکشمیر میں 40کھیلو اِنڈیا مراکز کا اِی ۔لانچ کیا۔مراکز جموںوکشمیر یوٹی کے تمام اُبھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لئے وقف کئے گئے ہیں۔
سیکرٹری امورِ نوجوان و کھیل کود جموںوکشمیر سرمد حفیظ ،سیکرٹری جموں وکشمیر سپورٹس کونسل محترمہ نزہت گل نے قومی اور بین الاقوامی کھیلو ں کے میدانوں میں جموںوکشمیر یوٹی کی کامیابیوں کا اشتراک کیا۔
اِفتتاحی تقریب میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا، لیفٹیننٹ جرنل امردیپ سنگھ او جلا ، جی او سی ، 15کور ، مختلف کھیلوں کی آرگنائزیشنوں کے نمائندوں ، کھیلوں کی سرکردہ شخصیات اور کھیل شائقین نے شرکت کی۔