شام میں ملبے تلے پیدا ہونے والی بچی کو گود لینے کے خواہش مندوں کی قطاریں لگ گئیں

شام میں ملبے تلے پیدا ہونے والی بچی کو گود لینے کے خواہش مندوں کی قطاریں لگ گئیں

دمشق، 10 فروری: چھ فروری کے زلزلے میں شام میں ایک عمارت کے ملبے تلے جنم لینے والی بچی کو گود لینے کے لئے ہزاروں افراد درخواستیں دے رہے ہیں۔
سوشل میڈیا سے ہزاروں افراد پوچھ رہے ہیں کہ بچی کو کیسے گود لیا جا سکتا ہے تاہم بچی کے ڈاکٹر نے اسے کسی کی سرپرستی میں دینے سے انکار کر دیا ہے۔
اطلاع کے مطابق ضلع عفرین سے منسلک علاقے جندیرس میں ایک عمارت کے ملبے تلے جنم لینے والی ‘آیہ’ نامی بچی کو جب ملبے سے نکالا گیا تو اس کی ناف ابھی تک اپنی ماں سے منسلک تھی۔ نومولود بچی کی ماں، باپ اور چار بہن بھائی سب ملبے تلے دب کر ہلاک ہو چکے تھے۔
آیہ اس وقت ہسپتال میں اور ماہرِ امراضِ اطفال ‘ڈاکٹر ہانی معروف’ کی نگرانی میں ہے۔پیر کے دن اسے نہایت مخدوش حالت میں ہسپتال لایا گیا تاہم اب اسی کی حالت تسّلی بخش ہے۔
نومولود بچی’ آیہ’ کے مناظر سوشل میڈیا پر بھاری تعداد میں دیکھے گئے۔ ویڈیو مناظر میں ایک امدادی کارکن مٹی میں لپٹی ہوئی نومولود بچی کو ملبے سے نکالتا دِکھائی دے رہا ہے۔سوشل میڈیا سے ہزاروں افراد نے پوچھا ہے کہ اس بچی کو کس طرح گود لیا جا سکتا ہے۔ ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عطیہ خالد نے کہا ہے کہ "میں، فی الحال اسے کسی کی بھی سرپرستی میں دینے کی اجازت نہیں دوں گا۔ جب تک اسے کے دُور کے عزیز و اقارب مجھ سے رابطہ نہیں کر لیتے بچی کی بالکل اپنے بچوں کی طرح دیکھ بھال کروں گا”۔تاہم آیہ کے شہر جندیرس میں ابھی تک لوگ ملبے میں اپنے عزیزوں کو ڈھونڈ رہے ہیں۔
مقامی صحافیوں میں سے محمد العدنان نے بی بی سی کے لئے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ "صورتحال بہت تشویشناک ہے۔ بے شمار افراد ابھی تک ملبے تلے دبے ہوئے ہیں”۔
واضح رہے کہ 6 فروری کو مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بج کر 17 منٹ پر ترکیہ کے ضلع قاہرمان ماراش میں 7،7 اور 7،6 کی شدت سے زلزلہ آیا۔ زلزلے کا مرکز قاہرمان ماراش کی تحصیل پازارجک اور زیرِ زمین گہرائی 7 کلو میٹر تھی۔ زلزلہ اپنی تباہ کن شدت کے ساتھ ترکیہ کے 10 اضلاع سمیت شام میں بھی بھاری پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا سبب بنا ہے۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.