لیفٹیننٹ گورنر اور مرکزی وزیر کھیل کود نے تیسرے کھیلو اِنڈیا قومی سرمائی کھیلوں کے ترانے ، میسکوٹ اور جرسی کا آغاز کیا

لیفٹیننٹ گورنر اور مرکزی وزیر کھیل کود نے تیسرے کھیلو اِنڈیا قومی سرمائی کھیلوں کے ترانے ، میسکوٹ اور جرسی کا آغاز کیا

جموں:لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا اور مرکزی وزیر اَمورِ نوجوان و کھیل کود اور آئی اینڈ بی انوراگ ٹھاکر نے آج راج بھون میں تیسرے کھیلو اِنڈیا قومی سرمائی کھیلوں کے ترانے ، میسکوٹ اور جرسی کا آغاز کیا۔
شروعاتی تقریب نے گلمرگ میں 10 فروری سے شروع ہونے والے سب سے بڑے کھیل مقابلوںکا آغاز کیا۔ ایونٹ میں 11 مختلف سرمائی کھیلوں میں 29 ریاستوں، یوٹیز اور بورڈزکے زائد اَز 1,500 کھلاڑی حصہ لیں گے ۔
اِس موقعہ پرمرکزی وزیر کھیل کود انوراگ ٹھاکر نے خطاب کرتے ہوئے جموںوکشمیر میں کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے لیفٹیننٹ گورنر کے زیر قیادت یوٹی حکومت کو مبارک باد دی۔
گلمرگ میں کھیلواِنڈیا سرمائی کھیلوں میں زائد اَز 1,500 کھلاڑیوں کی شرکت نوجوانوں کوسرمائی کھیلوں کی طرف راغب کرے گی اور جموںوکشمیر میں سیاحت کو بھی فروغ ملے گا ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر سے کھیلوں میں شامل ہونے والے کھلاڑی نئے جموںوکشمیر کے برانڈ ایمبسیڈر ہوں گے ۔
مرکزی وزیر نے کہا ،” وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں ہم نے کھیلوں کے کلچر کو فروغ دیا ہے ۔ کھیلوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیاں اور کھیلوں میں نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت سے معاشرے میں تبدیلی آ ئی ہے۔“
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے اَپنے خطاب میں اِس عظیم الشان تقریب سے وابستہ تمام کھلاڑیوں اور اَفسران کو اَپنی نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر قومی سرمائی کھیلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں، کھیلوں کے شائقین اوراَفسران کی میزبانی کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ عالمی شہرت یافتہ سرمائی سیاحتی مقام گلمرگ کو کھیلوں کے شہر کے طور پر تیار کیا گیا ہے جس میں ملک بھر سے 1,500 کھلاڑیوں کے سب سے بڑے دستے کی میزبانی کی جائے گی۔
اُنہوں نے کہا کہ پہلے سرمائی کھیلوں کے کامیاب اِنعقاد سے گلمرگ نے سرمائی کھیلوں کے عالمی نقشے پر اَپنا بہت زیادہ مستحق مقام حاصل کیا ہے۔ اس برس کا میسکوٹ سنو لیپرڈ ہمالیہ کے متحرک ورثے کی عکاسی کرتا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ ان کے تحفظ کے تئیں اِنتظامیہ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جی کی رہنمائی میں اور مرکزی وزارتِ کھیل کود کے تعاون سے جموںوکشمیر میں کھلاڑیوں کے لئے عالمی معیار کے کھیلوں کا بنیادی ڈھانچہ اور سہولیات تیار کی جارہی ہیں۔
اُنہوں نے جموںوکشمیر یوٹی میں کھیلوں کے ماحولیاتی نظام میںہونے والی تبدیلی پر بھی بات کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر کے کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی زوروں پر ہے۔ ہمارا کھیلوں کا بجٹ بڑی ریاستوں کے برابر ہے۔ آج جموںوکشمیر یوٹی کے ہر ضلع اورہر پنچایت میں کھیل سہولیات موجود ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت نے 50 لاکھ نوجوانوں کو کھیل سرگرمیوں میں شامل کرنے کے ہدف کو پہلے ہی عبور کیا ہے۔
اُنہوں نے نوجوانوں کی حوصلہ اَفزائی اور اُنہیں اَپنی صلاحیتوں کے اِظہار کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
سیکرٹری سیاحت اور امورِ نوجوان و کھیل کود سرمد حفیظ ، سیکرٹری جموںوکشمیر سپورٹس کونسل محترمہ نزہت گل اور سینئر اَفسران موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.