عوام دوست بجٹ

عوام دوست بجٹ

پوری دُنیا جب اقتصادی بحران سے روز بروز دوچار ہوتی جا رہی ہے۔ وہیں ہندوستان کی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کا سالانہ بجٹ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ اس ملک میںیہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ کسی بھی بحران سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔

ملک کی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے اپنا پانچواں بجٹ پیش کرتے ہوئے دفاعی اخراجات میں اضافہ کیا ، اسطرح ملک کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کا وزیر اعظم کا وعدہ قائم رکھا ۔

اس بجٹ میںبنیادی سطح پر کمزور طبقوں کی تعمیر وترقی اور خوشحالی کیلئے بھرپور خیال رکھا گیا ہے، وہیں آمدنی ٹیکس میں 25فیصد کا چھوٹ بھی اپنی جگہ ایک بہت بڑا کام ہے۔

ملک میں زرعی شعبے کو مضبوط بنانے کیلئے جہاں 20لاکھ کروڑ مختص رکھے گئے ہیں ،وہیں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے ملک کے مختلف 50سیاحتی علاقوں کو ترقی دینے کی بات بھی بجٹ میں کی گئی ۔

اس عمل سے ملک میںکسی حد تک بے روزگاری کا خاتمہ بھی ہو گا اور ملک کی شرح ترقی رفتار میں بھی تیزی آئے گی۔

سال2023۔2024کیلئے جموں وکشمیر کیلئے 35581کروڑ روپے مختص رکھے گئے ہیں جس سے وادی کشمیر اور جموں کے شہری ودیہی علاقوں میں تعمیر وترقی ہونے کی اُمیدیں جاگ اُٹھیں ۔

ا س بجٹ پر جموں وکشمیر یوٹی کے ایل جی منوج سنہا نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے اس بجٹ سے غریب اور پسماندہ لوگوں کا بھلا ہو جائے گا ۔

اُن کی تعمیر وترقی اور خوشحالی یقینی بن جائے گی ۔مقامی سیاستدانوں اور اقتصادی ماہرین نے بھی اس بجٹ کو عوام کیلئے ایک بہترین بجٹ قرار دیا ہے ۔

اپنی پارٹی کے نائب صدر غلام حسن میر نے بھی مرکزی بجٹ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں 7لاکھ تک آمدنی والے افراد کو چھوٹ دینے سے متوسطہ طبقے خاصکر ملازمین کو راحت اور فائدہ ملے گا جو ایک خوش آئندہ بات ہے ۔

بہرحال بجٹ پیش کرنا ہر سال کا عمل ہوتا ہے لیکن جہاں تک زمینی سطح پر اس بجٹ کو خرچ کرنے کا تعلق ہے ،وہ صاف وشفافیت سے ہونا چاہیے کیونکہ دیکھا گیا ہے کہ رشوت خور افسران اور ٹھیکہ دار ان کی ملی بھگت سے عام انسان کی حالت جوں کی توں رہ جاتی ہے ۔

اُمید کی جاتی ہے کہ اب کی بار ایسا نہیں ہو گا بلکہ زمینی سطح پر صد فیصد رقومات وقت ضائع کئے بغیر خرچ کئے جائیں گے اور لوگ واقعی ترقی اور خوشحالی کی اور بڑھیں گے جیسا کہ وزیر اعظم کا ہر بار کہنا ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.