سری نگرجموں قومی شاہراہ گاڑیوںکی آمدورفت کیلئے بند،بے شمار گاڑیاں اورمسافر درماندہ

سری نگرجموں قومی شاہراہ گاڑیوںکی آمدورفت کیلئے بند،بے شمار گاڑیاں اورمسافر درماندہ

جمعہ کوشام دیرگئے تک کہیں ہلکی اورکہیں درمیانی برف باری، بھاری برف باری کاامکان نہیں:سونم لوٹس

سری نگر: خطہ پیرپنچال کے آرپار دوران شب برف وباراںکاتازہ سلسلہ شروع ہونے کے بعد جمعہ کی صبح تیزی بارشیں اور برف باری ہونے سے معمول کی عوامی نقل وحمل ،گاڑیوںکی آمدورفت اور کاروباری سرگرمیاں اثرانداز ہوئیں ۔سری نگر سمیت کشمیر کے بیشتر میدانی علاقوںمیں شام تک ہلکی برف باری کیساتھ ساتھ بارش کاسلسلہ جاری تھاجبکہ گلمرگ ،پہلگام ،سونہ مرگ ،مژھل ،سادھنا ٹاپ،پیرکی گلی ،گریز اورازدان ٹاپ سمیت پیرپنچال کے آرپار بالائی علاقوںمیں ہلکی سے درمیانہ درجے کی برف باری جاری تھی ۔

اُدھر جموں شہر سمیت اس صوبے کے بیشتر اضلاع میں بھی کہیں بارش توکہیں برف باری کاسلسلہ جاری رہا۔تازہ برف وباراں ہونے کے بعد مٹی کے تودے اور پتھر گرآنے نیز پھسلن پیداہونے کی وجہ سے سری نگرجموں قومی شاہراہ کوگاڑیوںکی آمدورفت کیلئے بندکردیاگیا،جسکے نتیجے میں بے شمار مسافر اورمال بردار گاڑیاں مختلف مقامات پر درماندہ ہوکررہ گئی ہیں ۔ادھر تازہ برف باری کے بعد کرناہ ،کپوارہ ،کپوارہ مژھل اور گریز بانڈی پورہ سڑک مسلسل بندرہی۔

محکمہ موسمیات نے جمعے کی شام تک میدانی علاقوںمیں ہلکی سے درمیانی برف باری اوربارشیں جاری رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہاکہ بالائی علاقوںمیں ہلکی سے درمیانہ درجے کی برف باری کایہ مرحلہ جمعے کو شام دیر گئے جاری رہنے کاامکان ہے۔تاہم محکمہ موسمیات کے علاقائی ڈائریکٹرسونم لوٹس نے کہاکہ میدانی علاقوں میں شدید برف باری کی توقع نہیں ہے ۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے 12اور13جنوری کوموسم خراب رہنے کی پیش گوئی کے بیچ جموں وکشمیرمیں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات سے موسم نے کروٹ بدلی اور بیشتر میدانی اوربالائی علاقوںمیں برف باری اور بارشوںکاتازہ سلسلہ شروع ہوگیا۔

جموں و کشمیر کے بیشتر حصوں میں جمعہ کو تازہ برف باری اور بارش ہوئی جس کی وجہ سے سری نگر،جموں قومی شاہراہ بند ہوگئی۔حکام نے یہاں بتایاکہ جہاں جموں و کشمیر کے اونچی علاقوں میں اعتدال سے لےکر بھاری برفباری ہوئی ہے، وہیں میدانی علاقوں میں بہت سے علاقوں میں ہلکی سے درمیانی برف باری ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تازہ برف باری صبح سویرے شروع ہوئی اور آخری اطلاعات آنے تک جاری تھی۔انہوں نے بتایا کہ گلمرگ ، پہلگام اور سونمرگ کے سیاحتی مقامات اور کئی دیگر مقامات پر تازہ برف باری ہوئی۔سری نگر کے بالائی علاقوں میں بھی برف باری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں بارش ہوئی۔تاہم بعددوپہر پورے سری نگرمیں برف باری شروع ہوئی اورسہ پہرتک ایک انچ سے زیادہ برف جمع ہوئی تھی۔حکام نے بتایا کہ خراب موسم کے نتیجے میں سری نگر،جموں قومی شاہراہ بندہوگئی ۔انہوںنے کہاکہ رام بن ضلع کے مہر علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ اور سڑک کی پھسلن کی وجہ سے شاہراہ کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔

حکام نے بتایا کہ سڑکوں کی صفائی کا کام جاری ہے لیکن مسلسل برف باری اور بارش کی وجہ سے کام مشکل ہو رہا ہے۔اُدھر وسطی ،شمالی اورجنوبی کشمیر سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق میدانی علاقوںمیں ہلکی سے درمیانی برف وباراں اور بالائی مقامات پر درمیانہ سے بھاری برف باری ہورہی ہے۔اُدھر جموں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق جموں شہراوراسکے نزدیکی اضلاع میں صبح سے ہی بارش ہورہی تھی جبکہ خطہ پیرپنچال اورچناب ویلی کے تحت آنے والے اضلاع میں کہیں برف باری توکہیں بارشوں کاسلسلہ صبح سے ہی جاری ہے ۔

دریں اثنا، گیلے موسم نے وادی کے بیشتر مقامات پر رات کے درجہ حرارت کو بڑھا دیا۔سری نگر اور قاضی گنڈ میں دوران شب پارہ نقطہ انجماد سے اوپر رہا۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے بتایا کہ سری نگر میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت ایک ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیاجبکہ قاضی گنڈکم از کم درجہ حرارت 0.2 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔انہوںنے کہاکہ سرحدی ضلع کپواڑہ میں کم از کم درجہ حرارت منفی 0.7 ڈگری پر طے ہوا۔اننت ناگ ضلع میں پہلگام، جو مشہور سیاحتی مقام ہے، میں رات کاکم سے کم درجہ حرارت منفی 2.4 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔

ادھر شمالی کشمیرمیں واقع مشہورسیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے جمعے کی شام تک میدانی علاقوںمیں ہلکی سے درمیانی برف باری اوربارشیں جاری رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہاکہ بالائی علاقوںمیں ہلکی سے درمیانہ درجے کی برف باری کایہ مرحلہ جمعے کو شام دیر گئے جاری رہنے کاامکان ہے۔تاہم محکمہ موسمیات کے علاقائی ڈائریکٹرسونم لوٹس نے کہاکہ میدانی علاقوں میں شدید برف باری کی توقع نہیں ہے ۔انہوںنے کہاکہ 14سے18جنوری تک جموں وکشمیرمیں موسم زیادہ تر خشک رہے گا۔تاہم19اور20جنوری کوموسم کروٹ بدل سکتاہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.