راجوری کے کانجو علاقے کا محاصرہ ، پونچھ ، ریاسی ، سانبہ اور جموں میں تلاشیاں

راجوری کے کانجو علاقے کا محاصرہ ، پونچھ ، ریاسی ، سانبہ اور جموں میں تلاشیاں

جموں3 جنوری: جموں وکشمیر کے راجوری ضلع کے کانجو علاقے کو سیکورٹی فورسزنے محاصرے میں لے کر لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی۔ معلوم ہواکہ راجوری کے ساتھ ساتھ پونچھ ، سانبہ اور کشتواڑ میں بھی سیکورٹی فورسز نے ناکوں کا جال بچھایا ہے جہاں پر ہر آنے جانے والے کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔

یو این آئی اردوکے نامہ نگار نے بتایا کہ منگل کے روز سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد راجوری کے کانجو علاقے کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی لی ۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس ، فوج اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے۔ اُن کے مطابق سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں میں بھی پہرے بٹھا دئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ جموں میں جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی جہاں پر ہر آنے جانے والے کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔ذرائع نے مزید کہاکہ جموں کے دوسرے اضلاع میں راہگیروں کی جامہ تلاشیوں اور گاڑیوں کی چیکنگ کا عمل تیز کیا گیا۔

کسی بھی ناگہانی واقعہ سے نمٹنے کے لئے ضلع جموں اور اس کے گردونواح میں پولیس اور نیم فوجی دستوں کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ تمام اونچی عمارتوں پر ماہر نشانہ بازوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ جموں صوبے کے اطراف واکناف بالخصوص مختلف اضلاع کو سرمائی دارالحکومت کے ساتھ جوڑنے والی سڑکوں پر سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کے خصوصی ناکے بٹھائے گئے ہیں جہاں چھوٹی بڑی گاڑیوں کو روک کر ان کی تلاشی لی جاتی ہے اور ان میں سوار مسافروں کی جامہ تلاشی لینے کے علاوہ شناختی کارڈ چیک کئے جاتے ہیں۔

جہاں دراندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لئے ایل او سی اور بین الاقوامی سرحد پر تعینات فوجیوں کو الرٹ حالت میں رکھا گیا ہے، وہیں میدانی علاقوں میں جنگجووں کی سرگرمیوں پر بریک لگانے کے لئے تلاشیوں اور گشت کا سلسلہ تیز کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ جموں صوبے کے سبھی پولیس اسٹیشنوں میں تعینات عملے کو ہائی الرٹ پر رہنے کے احکامات جاری کئے گئے۔ذرائع کے مطابق سری نگر کی طرف جانے والی سبھی شاہراوں پر خصوصی ناکے بٹھائے گئے ہیں اور کسی بھی گاڑی کو بغیر تلاشی آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ ٹنل کے دونوں جانب سیکورٹی فورسز نے جگہ جگہ پر ناکے بٹھائے ہیں اور جوبھی گاڑی جموں سے سری نگر آرہی ہیں اس میں بیٹھے مسافروں سے پوچھ تاچھ کے بعد ہی انہیں آگے جانے کی اجازت دی جارہی ہیں۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.