اتوار, جولائی ۶, ۲۰۲۵
23.4 C
Srinagar

کشمیر میں سردیوں کا زور برقرار، گلمرگ سرد ترین مقام

سری نگر،3 جنوری: وادی کشمیر میں گرچہ موسم خشک ہے تاہم شہنشاہ زمستان چلہ کلان اپنے طاقت کا بھرپور مظاہرہ کرکے لوگوں کو ٹھٹھرتی سردیوں سے دو چار کر رہا ہے۔دریں اثنا محکمہ موسمیات نے وادی میں برف و باراں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کی ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 6 جنوری تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد میں 7 جنوری سے موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران 8 سے 10 جنوری تک وادی میں برف باری متوقع ہے۔ادھر وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری درج ہونے کے باوجود بھی ٹھٹھرتی سردیوں کا زور برا بر جاری رہا۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سری نگر میں 25 دسمبر کو رواں سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی9.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی10.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی9.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی5.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب بھی یہی درجہ حرارت درج ہوا تھا۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی17.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی14.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
بتادیں کہ وادی میں شہنشاہ زمستان چالیس روزہ چلہ کلان بر سر اقتدار ہے اس کا دور اقتدار 21 دسمبر کو شروع ہو کر 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوجاتا ہے۔
اس کے بعد بیس روزہ چلہ خورد تخت نشین ہوتا ہے جس کے دور میں سردیوں کی شدت میں بتدریج کمی واقع ہوجاتی ہے۔
یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img