
غلام نبی آزاد نے میڈیا رپورٹ کو بے بنیاد اور حیران کن قرار دیا
شوکت ساحل
سرینگر کانگریس میں دوبارہ شمولیت سے متعلق میڈیا رپورٹ پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کے سربراہ ،غلام نبی آزاد نے کہا کہ اس طرح کی میڈیا رپورٹ بے بنیاد اور حیران کن ہے ۔انہوں نے ایک میڈیا رپورٹ پر اپنا ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے سلسلہ وار ٹویٹس میں کہا ’اے این آئی کے نمائندے کی طرف سے کانگریس پارٹی میں دوبارہ شمولیت کے بارے میں کی گئی رپورٹ دیکھ کر میں حیران ہوں۔ بدقسمتی سے کانگریس پارٹی کے لیڈروں کے ایک حصے کی طرف سے اس طرح کی رپورٹس صرف میرے لیڈران اور حامیوں کا حوصلہ پست کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔‘انہوں نے کہا ’میری کانگریس پارٹی اور اس کی قیادت کے خلاف کوئی بری خواہش نہیں ہے، تاہم میں ان سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ ان عادی رپورٹروں کو کہیں کہ وہ ایسا کرنے سے باز رہیں۔ایک بار پھر میں اصرار کرنا چاہوں گا کہ یہ رپورٹ بالکل بے بنیاد ہے!‘۔اس سے قبل ایک میڈیا رپورٹ سوشل میڈیا پر گردش کررہی تھی ،جس میں پارٹی کے دو ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیاتھا کہ غلام نبی آزاد کانگریس میں دوبارہ شامل ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔تاہم ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کے ترجمان سلمان نظامی نے کہا کہ جموں وکشمیر میں ڈی اے پی کی مقبولیت اور کامیابی کے سبب بعض لوگ جان بوجھ کر مفروضوں پر مبنی خبریں شائع کررہا رہے ہیں ۔ان کا کہناتھا کہ اُنکی جموں وکشمیر میں بہت عمدہ کام کررہی ہے جبکہ پارٹی جلسوں میں لوگوں کی شرکت نے ہمیں بھی حیران کردیا ۔





