جموں 30 دسمبر:جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں میں سیکورٹی بندوبست کو مزید سخت کردیا گیا ہے تاکہ ملی ٹینٹوں کے کسی بھی منصوبے کو ناکام بنایا جاسکے۔
بتادیں کہ گزشتہ روز سدھرا جموں تصادم میں چار ملی ٹینٹوں کی ہلاکت کے بعد صوبے بھر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق جمعے کے روز جموں شہر میں جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لاکر راہگیروں اور مسافروں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے جارہے تھے۔
جموں کے مختلف حصوں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق شہر میں جگہ جگہ عارضی ناکے لگائے گئے ہیں جہاں مسافروں اور نجی گاڑیوں کو روک کر اُن کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ مفرور ٹرک ڈرائیور کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی تاہم ابھی تک اُس کا کئی پر سراغ نہیں مل پایا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ہاوے کے اردگرد نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو بھی کھنگالا تاہم ابھی تک سیکورٹی فورسز کے ہاتھ کچھ نہیں آیا ۔
ذرائع نے بتایا کہ جموں شہر میں ناکوں کا جال بچھایا گیا ہے اور کسی بھی گاڑی کو بغیر تلاشی آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔
دریں اثنا پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر بھی ہائی الرٹ جاری کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر فوج کو مستعد رہنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ بین الاقوامی سرحد پر بارڈر سیکورٹی فورسز کے اہلکار چوبیس گھنٹے اپنی خد مات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا :’ دراندازی کی کوششوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی جاری رہے گی‘۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج دشمنوں کے کسی بھی مس ایڈونچر اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔
ان کے مطابق سرحدوں پر تعینات افواج سخت موسمی صورتحال کے باوجود بھی اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ امسال پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر دراندازی کی متعدد کوششوں کو ناکام بنایا گیا جس دوران کئی دراندازوں کو بھی ہلاک کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر تعینات افواج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح سے تیار ہیں۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سدھر ا جموں تصادم کے دوران ٹرک ڈرائیور سیکورٹی فورسز کو چکمہ دے کر فرا رہونے میں کامیاب ہوا جس کی بڑے پیمانے پر تلاش جاری ہے۔
