سوپور میں ملی ٹینٹ ماڈیول کا پردہ فاش 4 معاونین گرفتار، اسلحہ وگولہ بارود ضبط: پولیس

سوپور میں ملی ٹینٹ ماڈیول کا پردہ فاش 4 معاونین گرفتار، اسلحہ وگولہ بارود ضبط: پولیس

سری نگر،28نومبر:شمالی کشمیر کے سوپورعلاقے میں پولیس اور سیکورٹی فورسز نے انصار الغزوتہ الہند ملی ٹینٹ تنظیم کے چار معاونین کو اسلحہ وگولہ بارود سمیت حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ملی ٹینٹ ہینڈلز کی نقل وحرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد پیر کے روز سوپور پولیس اور 22 آر آر نے گرڈ اسٹیشن کے نزدیک ناکہ لگایا جس دوران دو افراد جن کی شناخت مشتا ق احمد بٹ ساکن چھانہ پورہ سری نگر اور اشفاق احمد شاہ ساکن بڈگام کو حراست میں لے کر اُن کے قبضے سے قابل اعتراض مواد، ایک پستول ، ایک پستول میگزین ، دس گولیوں کے راونڈ اور تین گرینیڈ برآمد کرکے ضبط کئے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتا رشدگان سے پوچھ تاچھ کے بعد مزید دو ملی ٹینٹ معاونین جن کی شناخت عبدالمجید کمار ساکن برنیٹھ بونیار اور عبدالرشید کمار ساکن پٹن کے بطور ہوئی ہے کو حراست میں لے کر اُن کی تحویل سے ایک پستول ، ایک میگزین، دس گولیوں کے راونڈ اور دس گرینیڈ برآمد کئے گئے۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ انصار الغزوتہ الہند کا یہ ماڈیول احسان ڈار اور چودھری جو کہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں مقیم ہے چلا رہے تھے۔
انہوں نے کہاکہ گرفتار ملی ٹینٹ معاونین کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ وادی میں عام شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کرنے ، غیر مقامی مزدوروں ، عام شہریوں اور سیکورٹی فورسز پر حملے کرنے کے لئے ہتھیار اور گولہ بارود کو سرگرم ملی ٹینٹ تک پہنچانے کا کام سونپا گیا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سوپو رپولیس اور فوج کی بروقت اور موثر کارروائی کے نتیجے میں میں ملی ٹینٹوں کے ماڈیول کا پردہ فاش کیا گیا اور ایک بڑے سانحے کو رونما ہونے سے پہلے ہی ٹالا گیا۔
دری اثنا اونتی پورہ پولیس ، 42آر آر اور سی آر پی ایف نے بنڈ لالگام اونتی پورہ میں 202اے کے گولیوں کے راونڈ، تین ڈٹونیٹر ، 7.62ایم ایم کے 26راونڈ اور دو انساس راونڈ برآمد کئے۔
پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.