سرد موسم اور بیماریاں ۔۔۔

سرد موسم اور بیماریاں ۔۔۔


شوکت ساحل
وادی کشمیر میں سردیوں کے ایام کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے ۔پہاڑوں نے قبل ازوقت ہی سفید چادر اوڑھ لی ۔

یخ بستہ ہواﺅں نے وادی کو اپنی آغوش میں لے لیا ہے ۔موسم سرد ہونے پر اہلیان کشمیرکے کھانے پینے اور پہننے کے معمولات میں چھوٹی بڑی کئی تبدیلیاں آجاتی ہیں۔

ویسے ہی، کچھ بیماریاں بھی لوگوں کو سردیوں میں زیادہ تنگ کر سکتی ہیں۔عام طور پر نزلہ زکام، گلا خراب ہونا، دمہ، جوڑوں میں درد، ہاتھ پاﺅں خاص طور پر انگلیاں ٹھنڈی ہو جانا، جِلد خشک ہوجانا، فلو کے ساتھ ساتھ دل کا دورہ، ہونٹوں پہ اور ان کے گرد چھالے اور الٹیاں سرد موسم کی عام بیماریاں ہیں۔برطانوی ’نیشنل ہیلتھ سروس‘ (این ایچ ایس) کی طرف سے ’سردیوں کی بیماریوں اور احتیاطی تدابیر‘ سے متعلق شائع ہونے والے ایک مضمون میں کہا گیا ہے کہ، ہاتھوں کو دھوتے رہنے اور گھر اور استعمال کی دیگر چیزوں کو صاف ستھرا رکھنے سے جراثیم کو کسی بیمار شخص سے گھر کے دوسرے صحتمند فرد تک پہنچنے سے روک کر انھیں نزلہ زکام سے بچایا جا سکتا ہے۔

پھر یہ کہ، جسے نزلہ زکام ہو، انہیں چا ہیے کہ جراثیم کے پھیلاﺅکو روکنے کے لئے کپڑے کے رومال کی بجائے ٹشو پیپر استعمال کر کے پھینک دینا چاہئے۔سردیوں میں، عام طور پر، کسی وائرس کے باعث گلا خراب ہو جاتا ہے۔

لیکن، کچھ شواہد ہیں کہ گرم کمرے سے باہر بہت ٹھنڈے ماحول میں جانے سے بھی حلق متاثر ہو سکتا ہے۔

ان کا مشورہ تھا کہ ایک گلاس نیم گرم پانی میں ایک چھوٹا چمچ نمک ملا کر غرارے کرنے سے کچھ آرام آتا ہے۔

سرد موسم کی بیماریاں اور بچنے کی آسان تدابیر پر اس مطالعاتی مضمون میں کہا گیا ہے کہ دمے کی صورت میں، ٹھنڈی ہوا میں سانس لینا مشکل ہوجاتا ہے اور سانس لیتے ہوئے تکلیف ہوتی ہے۔

مشورہ یہ دیا گیا ہے کہ دمے کے مریضوں کو سردیوں میں خاص احتیاط کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔چنانچہ، انہیں زیادہ سردی ہو تو گھر ہی پر رہنا چاہئے، باہر جانا انتہائی ضروری ہو تو ناک اور منہ کو سکارف سے ڈھانپ لینا چاہئے اور اگر وہ دمے کے لئے کوئی دوا یا پمپ استعمال کرتے ہیں، تو اِن کا استعمال جاری رکھنا چاہئے۔

این ایچ ایس کے مضمون کے مطابق، سرد موسم میں خون کی گردش میں دل کو زیادہ بوجھ اٹھانا پڑتا ہے۔

چنانچہ، دل کے مریضوں کو سردیوں میں دل کے دورے سے بچنے کے لئے اپنا جسم گرم رکھنے کے لئے گرم کپڑوں کا استعمال کرنے اور گرم پانی کی بوتل سے بستر کو گرم رکھنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

ماہرین طب کا مشورہ ہے کہ معمر افراد اور بچوں کو پیچیدہ امراض سے بچاﺅ کیلئے غیر ضروری گھر سے باہر نکلنے نہ دیں اور موٹر سائیکل سوار خصوصی احتیاط برتیں کیونکہ سردی پیچیدہ عوارض کا باعث بن سکتی ہیں۔

دمہ کے مریضوں کا بستر، کمبل اور تولیہ وغیرہ الگ رکھیں جبکہ لوگ اپنے معالج کے مشورے کے بغیرخود سے کوئی دوا استعمال نہ کریں۔

متوازن غذائیں استعمال کریں اور ماحول میں آلودگی سے بچاﺅ کے لئے اقدامات اوراحتیاطی تدابیر اختیار کریں۔کیوں کہ دنیا بدل رہی ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.