جموں:لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج یہاں کنونشن سینٹر میں جنجاتیہ گورو دیوس پر ہفتہ بھر کی تقریبات کے آغاز کے موقعہ پر جنجاتیہ سماگم سے خطاب کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مشہورفریڈیم فائٹر بھگوان بِرسامُنڈا کو ان کی جنم جینتی پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے جدوجہد آزادی او رقوم کی تعمیر میں قبائلی فریڈم فائٹرس اور بہادر ہیروں کی بے پناہ خدمات کو یاد کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،” بھگوان برسامنڈا اور دیگر قبائلی بہاداروں کی ہمت او رعظیم قربانی کی قوم ہمیشہ مقروض رہے گی۔“
اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی قبائلیوں کے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے انتھک محنت کر رہے ہیں ۔میں لوگو ں سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ ریزر ویشن پر لوگوں کو اُکسانے والوں کے پاس نہ آئیں ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ وزیر داخلہ نے گوجروں اور دیگر طبقوں کے مفادات کا تحفظ کرنے کی یقین دہانی کی ہے اور ان کے کوٹے میں ایک فیصد کی بھی کمی نہیں کی جائے گی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،” میں پدیاترا کرنے والوں سے گھر واپس آنے کی درخواست کرتا ہوں ۔کچھ مفاد پرست لوگ ریزرویشن پر افواہیں پھیلا رہے ہیں ۔یہ وہی لوگ ہیں جو خطے میں اَمن او رترقی نہیں چاہتے ۔“
اُنہوں نے کہا کہ ہم جموںوکشمیر یوٹی کی ترقی میں قبائلی طبقے کے اہم کردار اور شراکت کو تسلیم کرتے ہیں ۔ وہ ترقی کے بنیادی محرک ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ قبائلی طبقے ہمارا اَخلاقی کمپاس ہے اور اس نے ہمیں بقائے باہمی ، یکجہتی ، ہم آہنگی اور دیرپازندگی کی اقدار سکھائی ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ کئی دہائیوں کے اِنتظار کے بعد وزیرا عظم نے سماجی مساوات اور اِنصاف کے خواب کو حقیقت میں بدل دیا ہے ۔اس نے قبائلی طبقے کی زندگی میں تیز اور بنیادی تبدیلی لائی ہے اور سماجی و اِقتصادی ترقی کی راہ بہتر کی ہے۔
اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے قبائلی طبقے اور قبائلی نوجوانوں کی بہبود کے لئے جموںوکشمیر یوٹی حکومت کی طرف سے اُٹھائے گئے مختلف اقدامات اور قرار دادوں کا اشتراک کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہم قبائلی نوجوانوں او رخواتین کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے او ران کی پیداواری توانائی کو چینلائز کرنے کے لئے اہم کوششیں کر رہے ہیں تاکہ نئی نسل اَپنے کنبوں کی معاشی قسمت بدل سکے اور ثقافتی او رسماجی زندگی میں اَپنا حصہ اَدا کرسکے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ سڑک کنکٹیوٹی، بجلی کی فراہمی ، پینے کے پانی ، جدید قبائلی دیہات ، خود روزگار ، ہیلتھ کیئر ، سکل ڈیولپمنٹ ، سکالر شپ او رتعلیم کو ترجیح دیتے ہوئے اِستفادہ کنند گان پر مبنی سکیموں اور فلاحی بنیادی ڈھانچہ پر خصوصی زور دیا جارہا ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اِس بات پر زور دیا کہ ” وَن دھن“ کی دولت سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے قبائلیوں کے لئے روزی روٹی پیدا کرنے کا مقصد ہر مرحلے پر’ پر دھان منتری وَن دھن وِکاس یوجنا ‘کو اَپ گریڈ کرنے اور قبائلیوں کو تبدیل کرنے کے لئے ٹیکنالوجی او رآئی ٹی کو شامل کرنے قبائلیوں کے روایتی علم اور ہنر سے فائدہ اُٹھانا ہے ۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم سمارٹ کلاس روموں سے قبائلی آبادی والے علاقوں میں اَپنے سکولوں میں بہترین ثقافت کو فروغ دے رہے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ سکول نئے علم،اِختراعی سوچ اور انتہائی ہنر مند طلبہ کے فراہم کنندگان کے طور پر کام کریں گے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے قبائلی طبقے کی سماجی و اِقتصادی ترقی کو تیز کرنے کے لئے اُٹھائے گئے اقدامات کا ذِکر کرتے ہوئے کہا کہ فارسٹ رائٹس ایکٹ کے علاوہ متعدد بنیادی ڈھانچے جیسے ٹرانزٹ رہائش ، لڑکوں اور لڑکیوں کے ہوسٹل ، ایکلاویہ ماڈل رہائشی سکول ، چھوٹے پشو فارم ، نئے ڈیری یونٹس ، نقل مکانی کرنے والی آبادی کے لئے سمارٹ کارڈ اور ٹرک ، پردھان منتری آدی آدرش گرام یوجنا ، این اِی اِی ٹی ،جے اِی اِی کے لئے کوچنگ پروگرام ، یو پی ایس سی ، ٹیکنالوجی سے چلنے والی تعلیمی سکیم، قبائلی تحقیقی مرکز بنائے گئے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے زور دے کر کہا، ”مجھے یقین ہے کہ جنجاتیہ گورو سپتہ نہ صرف ہندوستانی آزادی میں قبائلی طبقے کے بھرپور تعاون کا جشن منائے گا بلکہ قبائلی روایت اور ثقافتی اقدار میں فخر کا احساس پیدا کرے گا۔“
اُنہوں نے مزید کہا کہ جنجاتیہ گورو سپتہ اس انتہائی منسلک اور انٹرنیٹ سے چلنے والی دنیا میں قبائلی فنون اور ثقافت کے تحفظ کی کوششوں کے لئے کام کرے گا تاکہ آنے والے فنکاروں اور قبائلی ادب کے طالب علموں کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔اِس سے قبل لیفٹیننٹ گورنر نے قبائلی ایوارڈوں کے لئے ویب پورٹل کا آغاز کیا جو نامزدگی کے عمل کو بہتر کرے گا اور شفافیت لائے گا۔
اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیورائے بھٹناگر نے خطاب کرتے ہوئے جنجاتیہ دیوس کے لئے قبائلی طبقے کو اَپنی نیک خواہشات او رمبارک باد پیش کی اور جموںوکشمیر کی قبائلی طبقے کو بااِختیار بنانے کے لئے حکومت کی طرف سے متعارف کی گئی اصلاحات پر روشنی ڈالی ۔ اُنہوں نے جموںوکشمیر یوٹی کی ترقی میں قبائلی طبقے کے تعاون کی ستائش کی۔
سیکرٹری محکمہ قبائلی اَمور ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری نے اَپنے خطبہ اِستقبالیہ میں قبائلی طبقے کی فلاح و بہبود کے لئے کئے گئے اہم اقدامات پر روشنی ڈالی۔
فنکاروں کی شاندار پرفارمنس نے جموںوکشمیر کی قبائلی ثقافت اور ورثے کی نمائش کی۔ جنجاتیہ دیوس کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر قبائلی فن کاروں کا جلوس، کھیلوں کی سرگرمیاں ، سوچھتا مہم ، کیرئیر کاﺅنسلنگ اور اِس طرح کے دیگر پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
اِس موقعہ پر صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، ضلع ترقیاتی کمشنر جموں اونی لواسا ، ڈائریکٹر قبائلی امور کا محکمہ ، سینئر آفیسر ، پی آر آئی کے اراکین ، سرکردہ قبائلی شخصیات اور قبائلی طبقے کے نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔





