سری نگر، 17اکتوبر:جموں وکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سری نگر میں قائم آل پارٹی حریت کانفرنس دفتر کے باہر سیول سوسائٹی ارکارن نے کشمیری پنڈت کی ہلاکت کے خلاف احتجاج کیا جس دوران مظاہرین نے دفتر کے مین گیٹ پر نصب بورڈ کو تہس نہس کیا۔
اس موقع پرمظاہرین نے کہاکہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے لئے حریت کانفرنس ہی ذمہ دار ہے۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ سری نگر کے راجباغ علاقے میں پیر کے روزسیول سوسائٹی سے وابستہ چند ارکان نے احتجاجی مظاہرئے کئے ۔
انہوں نے بتایا کہ چند افراد صدر دفتر کی دیوار پر چڑھ گئے اور مین گیٹ پر نصب بورڈ کو اکھاڑ پھینک دیا۔
اس موقع پر مظاہرین نے بتایا کہ جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال کے لئے حریت کانفرنس ذمہ دار ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حریت سے وابستہ لیڈران کے بچے بین الاقوامی ممالک میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور یہاں کے نوجوانوں کے ہاتھوں میں بندوق اور پتھر تھما دیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ حریت کانفرنس ہی ہے جس نے یہاں کے نوجوانوں کو پتھر بازی کے لئے اکسایا اور آج وہ جیلوں میں پی ایس اے کے تحت بند پڑے ہوئے ہیں۔
اُن کے مطابق گزشتہ دنوں شوپیاں میں ایک نہتے کشمیری پنڈت کا قتل کیا گیا جو ناقابل برداشت ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ حریت کانفرنس کی وجہ سے ہی وادی کشمیر میں بے گناہ اور معصوم افراد کا قتل کیا گیا۔
نامہ نگاروں نے جب مظاہرین سے سوال کیا کہ حال کے دنوں میں پلوامہ میں فورسز اہلکار کی بندوق سے گولی چلنے کے نتیجے میں ایک عام شہری کی جان ضائع ہونے اور اس پر احتجاج نہ کرنے کے بارے میں دریافت کرنا چاہا تو مظاہرین نے بتایا کہ سرکار نے مہلوک نوجوان کے گھر والوں کو ایکس گریشیا اور ملوث اہلکار کے خلاف ایف آئی آر درج کیا ہے۔
اُن کے مطابق انتظامیہ نے کم سے کم اس بات کو تسلیم تو کیا کہ اہلکار سے غلطی سرزد ہوئی ہے۔
یو این آئی





