منگل, دسمبر ۱۶, ۲۰۲۵
8.1 C
Srinagar

شفافیت ہر حال میں لازمی

جموں وکشمیر ایل جی انتظامیہ نے جموں وکشمیر پولیس میں شفافیت لانے اور سماج وملک دشمن سرگرمیوں کو روکنے کیلئے لگ بھگ 3درجن پولیس اہلکاروں کی قبل ازوقت نوکری سے برخاستگی کا حکم جاری کیا ہے جس سے ملازم حلقوں میں زبردست کھلبلی مچ گئی ہے ۔

گذشتہ 3دہائیوں کے دوران جموں وکشمیر خاصکر وادی میں سرکاری ملازمین نے نہ صرف عیش وعشرت کے سامان خود کیلئے تیار کئے ہیں بلکہ اکثر ملازمین نے بے حد رشوت ستانی کر کے کروڑوں روپے مالیت کی جائیدادیں جمع کی ہیں اور اسطرح یہاں کے عام لوگوں کو مسائل ومشکلات سے دوچار کر دیا ۔

اکثر افسران جو بندوق کی نوک پر کام کر رہے تھے ،نے ملی ٹنسی کا ساتھ دیکراُن کے ہمدردوں اور ساتھیوں کو سرکاری محکموں میں بھرتی کر دیا اور اسطرح نہ صرف سروس رولز کی مخالفت کی بلکہ ملک دشمنی کو بڑھاوا دیا ہے ۔

کئی افسران نے وقت کے حکمرانوں کو خوش کرنے کیلئے ایسے کارنامے انجام دئیے جو واقعی ملک اور انسانیت کےخلاف تھے ،اُن کی غلطیوں کا خمیازہ آج عوام کو بھگتنا پڑا ۔بے قصو ر نوجوانوں کو یاتو موت کے گھاٹ اُتار دیا گیا یا پھر اُن کے حقوق طاقت کے بل بوتے پر سلب کئے ۔

بہرحال مظلوم کی آہ و پکا ر کبھی نہ کبھی رنگ لاتی ہے اور ایسے لوگوں کو بھی دھیرسویر سزامل جاتی ہے،، مگر سوال یہ پیدا ہوتا ہے جو لوگ ایسے افسران یا ملازمین کی زیادتیوں کے شکار ہو چکے ہیں ،اُن افراد کو کس طرح انصاف ملے گا ۔

سرکار اگر واقعی انتظامی نظام میں شفافیت لانے کیلئے کمر بستہ ہے پھر اُنہیں نہ صرف پرانے پاپیوں کو سزا دینی چاہیے بلکہ اُن سرکاری ملازمین کےخلاف بھی کارروائیاں کرنی ہوں گی جو آج بھی درپردہ سرکار ی غمخوار بن کر سرکار اور ملک کو ہی نقصان پہنچا رہے ہیں ۔

ایسے لوگوں کو ہر محاز پر آگے بڑھانے میں رول ادا کرتے ہیں جو صرف پیسوں کے پجاری ہیں نہ کہ عوام یا ملک کے وفا دار ۔آج بی ایسے سرکاری محکمے موجود ہیں ، جہاں چھوٹے بڑے ملازم ایسے لوگوں کے شراکت دار بنے ہیں جو باہر کچھ اور اندر کچھ اور ہیں ۔

انتظامی ذمہ داروں اور دیگر تحقیقاتی اداروں کو اس حوالے سے نہایت ہی گہرائی اورسنجیدگی سے غورکرنا چاہیے اور ایسے افراد کے خلاف بھی کارروائی کرنی چاہیے جو کروڑوں کے مالک بن بیٹھے ہیں ،صرف اس وجہ سے کہ وہ سرکاری ملازم بن کر ملک کی بنیادیں کھو کھلا کر دیتے ہیں ،ورنہ چند پولیس اہلکاروں کو دفتروں سے باہر کا راستہ دکھانا کوئی فائدہ نہیں دلا سکتا ہے ۔

Popular Categories

spot_imgspot_img