جمعرات, دسمبر ۱۸, ۲۰۲۵
13.6 C
Srinagar

ایک سال سے زیادہ عرصے سے مقیم شخص کو انتخابی فہرست میں شامل کرنے کی ضلع مجسٹریٹ جموں کی ہدایت

جموں،12 اکتوبر : حکام نے ضلع جموں میں ایک سال سے زیادہ عرصے سے مقیم لوگوں کو بھی انتخابی فہرستوں میں شامل کرنے کی ہدایت دی ہے اور ریونیو اہلکاروں کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ ان لوگوں کو رہائشی اسناد جاری کریں۔
یہ ہدایات ضلع الیکشن افسر اور ضلع مجسٹریٹ جموں اونی لواسہ کی طرف سے جاری کی گئی ہیں۔
بتادیں کہ جموں و کشمیر انتظامیہ کی طرف سے یونین ٹریٹری میں نئے ووٹروں کے اندراج، حذف کرنے، تصحیح کرنے،انتقال کرنے والے ووٹروں کی منتقلی وغیرہ کے لئے انتخابی فہرستوں کی خصوصی سمری نظر ثانی 15 ستمبر سے شروع ہوئی ہے۔
جموں وکشمیر کی سیاسی جماعتوں نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی، جموں وکشمیر پیپلز کانفرنس نے جموں انتظامیہ کے اس اقدام پر گوناگوں خدشات کا اظہار کیا ہے۔
حکمنامے میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کے رہنما خطوط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ اہل رائے دہندگان کے اندراج کے لئے مطلوبہ دستاویزات کی عدم دستابی کی صورت میں زمینی سطح پر ویری فکیشن کی جائے گی۔
ان مطلوبہ دستاویزات میں آدھار کارڈ، انڈین پاسپورٹ، بینک پاس بک، رجسٹرڈ کرایہ نامہ وغیرہ شامل ہیں۔
حکمنامے میں کہا گیا: ’انتخابی رجسٹریشن افسران اور اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن افسران سمیت فیلڈ عہدیداروں کے ساتھ کئی گئی جائزہ میٹنگوں کے دوران یہ بات سامنے آگئی کہ کچھ اہل ووٹروں کو دستاویزات کی عدم دستابی کی وجہ سے ووٹر لسٹ میں اندارج کے لئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے‘۔
ضلع مجسٹریٹ کی طرف سے جاری حکمنامے میں مزید کہا گیا کہ خصوصی سمری نظر ثانی 2022 کے دوران تمام اہل ووٹروں کے لسٹ میں اندراج کو یقینی بنانے کے لئے تحصیلداروں کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ ضروری فیلڈ تصدیق کے بعد اس شخص کو رہائشی سند جاری کریں جو ضلع جموں میں زائد از ایک سال کے عرصے سے مقیم ہے۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img