جمعرات, مئی ۱۵, ۲۰۲۵
27.8 C
Srinagar

وزیر داخلہ سے اُمیدیں وابستہ

وزیر داخلہ شری امت شاہ کا دورہ جموں وکشمیر انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جارہا ہے کیونکہ وہ جموں وسرینگر میں نہ صرف پارٹی کارکنوں سے خصوصی میٹنگیں کریں گے بلکہ یونچھ اور بارہمولہ میں بھی عوامی ریلیوں سے خطاب کرینگے جس دوران وہ یہاں کے مختلف طبقوں سے وابستہ لوگوں کیلئے کچھ اہم اعلانات کرینگے ۔

جہاں تک موجودہ مرکزی حکومت کا تعلق ہے، اس نے نہ صرف جموں وکشمیر سے خصوصی پوزیشن کا خاتمہ کیا بلکہ بنیادی سطح پر لوگوں تک مرکزی اسکیمیں پہنچانے کیلئے کار گراقدامات اُٹھائے ۔

پہلے ایا م میں لوگ ان مرکزی اسکیموں سے بالکل بے خبر تھے اور یہاں موجود بیوروکریٹ حضرات بھی لوگوں کو براہ راست فائدہ پہنچانے میں لیت ولعل سے کام لے رہے تھے، اسکے برعکس آج ان افسران کی پوری طرح جواب دہی ہے اور جس کسی افسر کو کوتائی اور نااہلی کا مرتکب پایا جاتا ہے، اُسکو قانون کے مطابق سزادی جاتی ہے ۔

غالباً اسی لئے اب سرکاری ملازمین کیلئے ہر ماہ پر فارمنس رپورٹ جمع کرانی لازمی قرار دی گئی ہے ۔یہ قانون اگر چہ پہلے بھی موجودتھاتاہم اکثر وزیروں ،مشیروں اور سرمایہ داروں کے دوست واحباب او ر رشتہ دار یہ ملازمین ہوتے تھے، اسی لئے نا قابلیت کے باوجو د ان کےخلاف کوئی کارروائی نہیں ہوتی تھی ۔

اب جبکہ وزیر داخلہ واردِ جموںوکشمیر ہوئے ہیں ،وہ نہ صرف مختلف پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے یا آنے والے اسمبلی انتخابات کے حوالے سے اپنے ورکروں اور پارٹی کارکنوں کو پارٹی مضبو ط کرنے کے طور طریقے اور گُر سکھائیں گے بلکہ وہ اس خطے کے کمزور طبقوں سے وابستہ لوگوں کی فلاح وبہبود کیلئے کچھ خاص اعلان کرینگے تاکہ وہ خوشحال زندگی بغیر کسی مشکل کے گذار سکیں ۔

ویسے بھی موجودہ مرکزی حکومت نے گوجر ،بکروال ،پہاڑی لوگوں کو مختلف مرعات وسہولیات دینے کیلئے اسکیمیں شروع کیں اور ان کیلئے مختلف شعبوں میں خصوصی ریزرویشن رکھی گئی ہے، مگر جہاں تک باقی عام لوگوں کا تعلق ہے وہ روزبروزمشکلات سے دوچار ہو رہے ہیں ۔

دستکار طبقہ ،کسان اور مزدور روز بروز کمزور ہوتے جا رہے ہیں جن کو مالی طور مضبوط بنانے کیلئے وزیر داخلہ کو کوئی نہ کوئی اعلان ضرور کرنا چاہیے جس کیلئے وہ انتظار کررہے ہیں ۔

 

 

Popular Categories

spot_imgspot_img