پونچھ:لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج پونچھ کے اَگلے علاقوں کا دورہ کیا اور سرحد پر سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔لیفٹیننٹ گورنر جو پونچھ کے دو روزہ دورے پر ہیں ،نے پونچھ کے سرحدی گاﺅں دیگوار تروان میں لائن آف کنٹرول ( ایل او سی ) اوراَگلے علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہا کے ہمراہ چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، بریگیڈیئر راجیش بشت ، اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ، ڈی آئی جی ڈاکٹر حسیب مغل ، صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار اور سول اِنتظامیہ اور فوج کے دیگر اعلیٰ اَفسران بھی تھے۔لیفٹیننٹ گورنر کو لائن آف کنٹرول پر موجودہ سیکورٹی کی مجموعی صورتحال ، فوج کی طرف سے سرحدی دیہاتوں میں ترقیاتی کاموں ، کاﺅنٹر اِنفلٹریشن گرڈ اور آپریشنل تیاریوں کے بارے میںجانکاری دی گئی۔
اُنہوں نے آرمڈ فورسز کے اَفسران اور اہلکاروں کے ساتھ بات چیت کے دوران مشکل حالات میں بے لوث خدمات اَنجام دینے پر ان کی سراہنا کی ۔ اُنہوں نے سول اِنتظامیہ ، جموںوکشمیر پولیس ، فوج اور دیگرحفاظتی ایجنسیوں کے درمیان بہترین ہم آہنگی کی تعریف کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،” میں اَپنی آرمڈ فورسز کی مثالی بہادری کو سلام پیش کرتا ہوں ۔ جموںوکشمیر یوٹی اَمن ، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے ۔ہماری آرمڈ فورسز، پولیس ، سی اے پی ایف پوری طاقت ، بہادری اور لگن کے ساتھ چیلنجوں سے نمٹ رہے ہیں ۔بھارت ہر اس شخص کو منھ توڑ جواب دے گا جو ملک کے اَمن ، اِتحاد اور سا لمیت کو خراب کرنے کی کوشش کر ے گا۔“
بعدمیں لیفٹیننٹ گورنر نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول دیگوار تروان میں سرحدی آبادی سے خطاب کیا ۔اُنہوں نے مشاہدہ کیا کہ بی اے ڈی پی نے سرحد کے ساتھ واقع دیہاتوں کی ترقی کے عمل کو تیز کیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی حکومت نے سرحدی گاﺅں کی جامع ترقی کے لئے متعدد نئی سکیمیں شروع کی ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے میٹنگ میں موجود لوگوں سے پی ایم آواس یوجنا ، دیگر سکیموں اور سہولیات جیسے ایل پی جی ، سکالرشپ وغیرہ کے تحت بڑھائے جانے والے فوائد کے بارے میں رائے حاصل کی۔
اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے موجود لوگوں سے کہا کہ وہ ان لوگوں کے اِندراج کو یقینی بنائیں جوصحت سکیم کے تحت رہ گئے ہوں ۔ اُنہیں گولڈن کارڈ حاصل کرنے کے لئے خود کو رجسٹر کرنا ہوگا جو جموںوکشمیر یوٹی کے ہر کنبے کو صحت کوریج فراہم کررہا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے مزید کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ کے مختلف بے مثال اَقدامات اور اِنٹرونشنوں نے جموںوکشمیر میں رشوت سے پاک ، خوف سے پاک اور شفاف حکمرانی کا نظام قائم کیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندرمودی نے سرحدی لوگوںبالخصوص نوجوانوں کی ترقی اور خوشحالی پر خصوصی توجہ دی ہے ۔ نوجوان پودکو آگے آنا چاہیے اور خود اَنحصاری اور کامیاب کا روباری بننے کے لئے مشن یوتھ کے تحت شروع کی گئی مختلف سکیموں لیفٹیننٹ گورنر نے عوام سے کہا کہ وہ جموںوکشمیر یوٹی میں قائم کی گئی شفاف اور ذمہ دار حکمرانی کے نظام سے زیاد ہ سے زیادہ فوائد حاصل کریں۔ اُنہوں نے لوگوں سے مزید کہا کہ وہ جموںوکشمیر سے رشوت کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکنے کے لئے شروع کی گئی مختلف اِی۔ سروسز کے بارے میں رائے دیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مشاہدہ کیا کہ 73ویں اور 74 ویں آئینی ترمیم کے مکمل نفاذ او رجموںوکشمیر میں تین درجے کے نظام کے قیام کے بعد پنچایتوں کو ملنے والے فنڈس میں کافی اِضافہ ہوا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ کا مقصد دیہاتوں میں صحت خدمات ، سڑک رابطے ، تعلیم اور دیگر خدمات کے لحاظ سے ترقیاتی عمل کو شہروں کے برابر لانا ہے بالخصوص سرحدی گاﺅں میں۔
اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے ضلعی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ ضلع میں مقامی صنعتوں کو ترقی دینے کے لئے زمین کی نشاندہی کرے ۔ حکومت نے صنعتی ترقی سکیم کے تحت دُور دراز اور سرحدی علاقوں کے لئے زیادہ ترغیبات فراہم کرنے کا اِنتظام رکھا ہے۔
اِس سے قبل ممبر ڈی ڈی سی پونچھ چودھری عبدالغنی نے مطالبات کی ایک یادداشت پیش کی جس پر لیفٹیننٹ گورنر نے تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیاد وں پر حل کرنے کی یقین دہانی کی۔
اِس موقعہ پرچیئرپرسن ڈی ڈی سی محترمہ تعظیم اختر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کما رمہتا ،اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ ، صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار کے علاوہ ضلعی اِنتظامیہ ، فوج اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ اَفسران ، پی آر آئی نمائندے اور مقامی لوگ موجود تھے۔





