سری نگر:لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج پی ایم ڈی پی کے تحت 4کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے اِلٰہی باغ اِنڈور سپورٹس سٹیڈیم کا اِفتتاح کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کھیلوں کی نئی سہولیت کے لئے مقامی لوگوں بالخصوص ڈاﺅن ٹاﺅن کے علاقے کے نوجوانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ شہر خاص علاقہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے ایک مرکز کے طور پر اُبھرا ہے جہاں نوجوان کھیلوں میں عزت حاصل کرنے کے لئے پُر عزم ہیں۔
اُنہوں نے کہاکہ ڈاﺅن ٹاﺅن اَپنی ماضی کو پیچھے چھوڑ کر کھیل کود کے میدان میں ایک نئی ڈگرپر گامزن ہے ،مجھے بتایا گیاکہ 75برسوں میں ریاست کا کوئی سربراہ پہلی مرتبہ ڈاﺅن ٹاﺅ ن کے دورے پر آیا ہے
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا ،” گذشتہ دو برسوں میں شہر کے مرکز میں کھیلے جانے والے کھیلوں کی تعداد میں بڑے پیمانے پر اِضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد پیشہ ورانہ طور پر کھیلوں کو اَپنا رہی ہے ۔“
اُنہوں نے پنڈال پر موجود ہزاروں مقامی لوگوں کو اعلیٰ درجے کے کھلاڑیوں کے نام سنائے جو حال ہی میں بین الاقوامی کھیل مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کرنے گئے تھے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کہا ،” ڈاﺅن ٹاﺅن سری نگر کے کئی نوجوانوں نے بین الاقوامی چمپئن شپ میں اَپنی صلاحیتوں کو ثابت کیا ہے ۔ وہ دِن دُور نہیں جب ہم شہر خاص کے نوجوانوں کو اولمپکس میں ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے دیکھیں گے ۔“
لیفٹیننٹ گورنر نے ریکارڈ وقت میں اِلٰہی باغ اِنڈور سپورٹس سٹیڈیم کی تیاری اور حوالے کرنے پر جموںوکشمیر سپورٹس کونسل کی تعریف کی او رتمام کھلاڑیوں کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔
اُنہوں نے کہا ،” کھیلوں میں مواقع دستک دیتے ہیں اگر کھلاڑی پُر عزم اور حوصلہ مند ہیں ۔زندگی صرف ایک بارملتی ہے ، کچھ ایسا کرو جو سب کو یاد ہو ۔ اَپنی زندگی بدلیں او رقوم کی تعمیر میں اَپنا حصہ اَدا کریں۔“
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموںوکشمیر سپورٹس کونسل نے نوجوان صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے لئے عالمی معیار کی سہولیات سے سری نگر کے مرکزی شہر کے مختلف علاقوں میں کل 12 کھیل میدانوں اور منی سٹیڈیموں کو اَپ گریڈ کیا ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ترنگا کو بلند کرتے دیکھنے کے لئے شہر کے نوجوانوں کے عزم نے فٹ بال اور دیگر کھیلوں کی میراث کو زندہ کیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں کھیلوں کی بڑھتی ہوئی ثقافت مختلف کھیل شعبوں میں نمایاں اِنقلاب سے ظاہر ہوتی ہے ۔ گذشتہ تین برسوں میں ہم نے بنیادی ڈھانچہ ، کیریئر کی ترقی اور کھلاڑیوں کے مستقبل کے حوالے سے بے مثال پیش رفت کو یقینی بنایا ہے ۔اُنہوں نے مشاہدہ کیا کہ نئی پالیسیوں سے ایک سازگار ماحول بنایا گیا ہے جو گذشتہ 70 برسوں کے خلاکو پُر کرتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ جے اینڈ کے سپورٹس کونسل جموںوکشمیر یوٹی کے ہر حصے میں کھیلوں کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کی کوششیں کر رہی ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اِس بات کو یقینی بنایا ہے کہ 2019ءسے پہلے کھلاڑیوں کو درپیش مشکلات ہماری نئی پود کے کھلاڑیوں کو درپیش نہ ہوں اوران کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں مزید مواقع فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموںوکشمیر سپورٹس کونسل کھیلوں کے ٹیلنٹ کی تلاش میں ہے تاکہ انہیں تربیت اور دیگر سہولیت فراہم کی جاسکیں ۔ تمام کھلاڑی ثاقب فاروق، رابعہ فاروق ، توریہ گلزار، تاجم فیاض ، صالحہ یوسف اور فرحان گنائی کی طرح بننے اور قوم کا نام روشن کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ سعدیہ طارق ، شوکت احمد او ردانش فاروق جیسے چمپئن سے متاثر ہوں اور اَپنے اَپنے کھیلوں کے نظم و ضبط میں خود کو وقف کریں ۔
اُنہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو ایک نئی شناخت فراہم کرتے ہیں اور سپورٹس کونسل اورجموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ اِس بات کو یقینی بنارہی ہے کہ ہر کھلاڑی کو بہتر بنیادی ڈھانچے کے ساتھ کھیلنے کا موقعہ ملے اور وہ ایک چمپئن کی پہچان بن سکے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ” آزادی کا اَمرت مہااُتسو “ نے نئی بلند یوں کو چھونے کا موقعہ فراہم کیاہے ۔ اُنہوں نے مشاہدہ کیا کہ جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ کھیلوں میں شاندار کارکردگی دِکھانے اور مختلف پلیٹ فارموں پر ملک کی نمائندگی کرنے کے نوجوانوں کے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے پُر عزم ہے۔
اُنہوں نے کہا ،” ہمیں شہر خاص کی ساکھ بحال کرنی ہے جسے کبھی کشمیر کے دِل کی دھڑکن کہا جاتا تھا۔کچھ مفاد پرست لوگ جموں وکشمیر یوٹی میں ہونے والی ہمہ جہت ترقی سے پریشان ہیں ۔ ہمارے بہت سے نوجوانوں کو بھی گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی ۔ ہمارے بچوں کو گمراہ کرنے والوں کے پورے خاندان ملک او ربیرون ملک کے بڑے شہروں میں آسودہ زندگی گزار رہے ہیں جبکہ ہمارے بچے مشکلات کا شکا ر ہیں ۔ مہذب معاشرے میں ایسے عناصر کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔“
اُنہوں نے کہا کہ آج جموںوکشمیر ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔اُنہوں نے بزرگوں ، والدین اور کمیونٹی کے اَرکان سے مطالبہ کیا کہ وہ منشیات کی بدعت کو مکمل طورپر ختم کرنے کی کوششوں میں شامل ہوں تاکہ نئے نسل کے لوگوں کو ایک محفوظ اور خوشحال مستقبل دیا جاسکے ۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے شہر خاص کے مقامی رہائشیوں او رسپورٹس کلبوں کے ممبران کے مختلف مطالبات پر موقعہ پر ہی ہدایات دیں اور انہیں ہر مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کی۔
اِس موقعہ پر موجود نوجوانوں نے کشمیر کو منشیات سے پاک کرنے کا عہد بھی کیا۔
اَپنی آمد پر لیفٹیننٹ گورنر نے نئے تعمیر شدہ اِنڈور سٹیڈیم کا ایک چکر لگایا ، نوجوان کھلاڑیوں سے بات چیت کی اور وہاں موجود سہولیات کا معائینہ کیا۔
اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے میئر ایس ایم سی جنید عظیم متو نے لیفٹیننٹ گورنر کی زیر قیادت یوٹی حکومت کی تعریف کی کہ وہ جموں وکشمیر یوٹی کے نوجوانوں تک پہنچنے اور ان علاقوں میں بھی کھیلوں کی ترقی کے لئے بے مثال اقدامات کر رہی ہے جنہیں دہائیوں سے نظر اَنداز کیا گیا تھا۔
چیئرپرسن جے اینڈ کے وقف بورڈ ڈاکٹر درخشاں اَندرابی نے نوجوانوں او رکھلاڑیوں کو وسائل اور ضروری مدد فراہم کرنے کے لئے جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ کا شکریہ اَدا کیا تاکہ وہ جموں وکشمیر یوٹی اور ملک کا نام روشن کرسکیں۔
چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے نئے اِنڈور سپورٹس سٹیڈیم کے لئے مقامی لوگوں اور ڈاﺅن ٹاﺅن علاقے کے نوجوانوں کو مبارک باد دی۔ اُنہوں نے جموںوکشمیر یوٹی میں کھیلوں کو فرو غ دینے کے لئے محکمہ کھیل او رجے اینڈ کے سپورٹس کونسل کی کوششوں کی بھی سراہنا کی۔
سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس سرمد حفیظ نے نئے اِنڈور سٹیڈیم میں کھلاڑیوں کو دی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔ اُنہوں نے نئی سپورٹس پالیسی کے مطابق مختلف گزیٹیڈ اور نان گزیٹیڈ اَسامیوں پر کھلاڑیوں کی بھرتی جاری عمل کے بارے میں مزید بتایا۔
اُنہوں نے مزیدکہا کہ جموںوکشمیر کو کھیلوں کے ٹیلنٹ کا پاور ہاﺅس بنانے کے نظرئیے کو پورا کرنے کے لئے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو تیار کرنے اور زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو کھیل سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لئے ضروری کوششیں کی جارہی ہے۔
سیکرٹری جموںوکشمیر سپورٹس کونسل محترمہ نزہت گل نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔اُنہوں نے جموںوکشمیر یوٹی میں جاری او رمکمل شدہ کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کے مختلف منصوبوں کے بارے میں بھی جانکاری دی۔
اِس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری ایچ اینڈ یوڈی ڈی دھیرج گپتا، صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے ، اے ڈی جی پی کشمیر وِجے کمار ، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر محمد اعجاز ، کمشنر ایس ایم سی اطہر عامر خان ، پی آر ائی اور یو ایل بی اراکین ، ڈاﺅن ٹاﺅن کمیونٹی کے اَرکان ، سکھ برادری اور مذہبی رہنما، کھیلوں کی سرکردہ شخصیات ، عوام اور نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔





