جموں،7 ستمبر: راجوری ضلع انتظامیہ نے اسسٹننٹ کمشنر پنچایت کو اپنے ایک ماتحت افسر کے خلاف مبینہ طور مذہبی بنیادوں پر ہتک آمیز الفاظ کا استعمال کرنے کے الزام میں معطل کر دیا ہے۔
ضلع مجسٹریٹ راجوری وکاس کنڈل نے ملزم کو معطل کرتے ہوئے اس ضمن میں تحقیقات کرانے کے احکامات صادر کئے ہیں۔
موصوف ضلع مجسٹریٹ نے یہ کارروائی راجوری بلاک کے محکمہ دیہی ترقی کے سکریٹری پنچایت کے عہدے کے ایک افسر کی جانب سے درج کی گئی ایک شکایت پر انجام دی۔
شکایت گذار کا الزام ہے کہ اسسٹننٹ کمشنر پنچایت نے اس کے خلاف مذہبی بنیادوں پر توہین آمیز الفاظ کا استعمال کیا۔
شکایت میں کہا گیا کہ مذکورہ افسر نے مذببی بنیادوں پر توہین آمیز الفاظ کا استعمال راجوری میں ایک نجی ہوٹل میں دو پہر کا کھانا کھانے کے دوران کیا۔
ضلع مسجٹریہٹ راجوری نے مذکورہ افسر کو معطل کرتے ہوئے اپنے ایک حکمنامے میں کہا ہے: ’افسر کا یہ طرز عمل نہ صرف سروس رولز کی خلاف ورزی ہے بلکہ ایک کمیونٹی کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا مسئلہ بھی ہے جس سے ضلعے میں امن و قانون کا مسئلہ پیدا ہونے کا بھی خدشہ تھا‘۔
انہوں نے اے ڈی ڈی سی راجوری پون کمار کی سربراہی میں ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے جس کو پندرہ دنوں کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرنے کو کہا گیا ہے۔
یو این آئی





