بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
14.4 C
Srinagar

خوفناک وبا ۔۔۔۔۔

تحریر:شوکت ساحل

عالمی سطح پر ہر سال26 جون کو اقوامِ متحدہ کی جانب سے دنیا بھر میں منشیات کے استعمال اور اس کی غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف علامتی طور پر ایک دن منایا جاتا ہے، جس کا بڑا مقصد لوگوں میں شعور بیدار کرنا ہے کہ منشیات یا ڈرگس کا استعمال کتنا نقصان دہ اور کتنا جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔

منشیات یا ڈرگس ایک ایسا موذی مرض اور عفریت ہے، جس نے لاتعداد خاندانوں کی زندگیاں تباہ و برباد کردی ہیں۔ منشیات کے کاروبار و مرض میں مبتلا ہونا نہ صرف انسان کی اپنی ذات اور اس کی زندگی، بلکہ گھر، معاشرے اور قوم کو تباہ و برباد کرنے کے مترادف ہوگا۔

منشیات سے مراد تمام وہ چیزیں ہیں، جن سے عقل میں فتور اور فہم و شعور کی صلاحیت بری طرح سے متاثر ہوتی ہے۔

لفظ منشیات یا ڈرگس کا اطلاق ہر اس شئے پر ہوتا ہے، جس میں کسی بھی طرح کا نشہ پایا جائے، خواہ یہ ٹھوس یا مائع کی حالت، قلیل یا کثیر مقدار میں ہو۔ منشیات کی تعریف میں تمام وہ ممنوع دوائیں بھی آتی ہے جنہیں نشہ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ نشہ خمارِ زیست ہے، یعنی نشہ سوئی ہوئی زندگی ہے اور ایسی زندگی کا کوئی مقام نہیں۔موجودہ دور میں نشہ آور چیزوں کی اقسام کافی بڑھ چکی ہیں۔

دنیا میں 500سے زائد ایسے مرکبات یا مفردات موجود ہیں، جسے منشیات کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔

اس وقت مختلف اقسام کے نشوں کا استعمال ہو رہا ہے، ان نشوں کی دسترس بہت آسانی کے ساتھ غریب طبقے سے لے کر اہل ثروت طبقہ تک ہوتی ہے۔

جس میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والا طبقہ نوجوان نسل ہے۔ منشیات کی مقبول عام اور ابھری ہوئی اقسام مندرجہ ذیل ہیں، جس میں گٹکا، سگریٹ، حقہ، شراب، بوٹی، حشیش، افیون، چرس، گانجہ، بھانگ، ہیروئن (سفیدپاﺅڈر)، مارفین، براﺅن شوگر، ڈائی زیپم، صمد بونڈ، انجکشن، کوریکس، ٹینو شربت، کوکین، پٹرول، نشہ آور گولیاں، نشہ آور پکوڑے، بھانگ کے پاپڑوغیرہ وغیرہ ہیں۔

موجودہ دور میں تو مختلف کیمیکلز، ٹائر پنکچر کا سولیوشن، سردی کھانسی کی دوائیوں اور اس طرح کے روز مرہ زندگی میں استعمال شدہ جس کی دسترس آسانی سے ہو، اسے بھی نشہ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔

جن میں جوتوں کی پالش، اینک فلوڈ ، کلر پینٹ اسپرے وغیرہ قابل ذکر ہیں۔یہ بات ہم نہیں کہتے ہیں بلکہ مختلف ماہرین کی تحقیق اور منشیات میں مبتلاءمیں افراد سے گفتگو کرنے اور اُن کا علاج کرنے کے دوران سامنے آئی ۔

جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گور نر منوج سنہا نے جمعرات کو جموں کے کنونکیشن سینٹر میں ’نشے سے پاک جموں وکشمیر مہم ‘ کا افتتاح کیا ۔

قومی سطح پر اس کا قلع قمع کرنے کے لئے ایک ٹول فری نمبر 14446بھی جاری کیا گیا ہے ۔اب منشیات سے پاک جموں وکشمیر کے حوالے سے کئی مہمات شروع کی گئیں ،لیکن ابھی بھی ہم مہم ہی چلانے میں مصروف ہیں ۔

سوال یہ ہے کہ کیا ایک دن منا نے یا مہمات شروع کرنے سے اس بھیانک و خطرناک انسانیت سوز کاروبار کا استعمال بند ہو جائے گا؟ اس کے لئے عوامی و سماجی اور حکومتی سطح پر مستقل ٹھوس لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا جبکہ جموں وکشمیر پولیس کو نشہ آورکسی بھی شئے کوآسان دسترس پر روک لگا نی ہوگی ، تب کہیں جاکر اس ناسورسے معاشرے کو پاک و صاف کیا جاسکتا ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img