سری نگر،03اگست: جموں و کشمیر پولیس کی سٹیٹ تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے) اور قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے مشترکہ طور پر بدھ کی صبح یونین ٹریٹری کے مختلف اضلاع میں چھاپے مارے۔یہ چھاپے ملی ٹینسی فنڈنگ کیس کے سلسلے میں مارے گئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایس آئی اے اور این آئی اے کی ایک مشترکہ ٹیم نے پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں کی مدد سے بدھ کی صبح بارہمولہ کے ٹینگ پورہ رفیع آباد، دیوان باغ اور ضلع کپوارہ میں تین مقامات اور ضلع پونچھ اور راجوری میں ایک مقام پر چھاپے مارے۔انہوں نے کہا کہ یہ چھاپے ملی ٹنسی فنڈنگ کیس کے سلسلے میں مارے گئے۔
تاہم فی الوقت یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ چھاپوں کے دوران کسی کی گرفتاری عمل میں لائی گئی یا نہیں۔
باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ایک دکاندار جس نے مبینہ طورپر جنگجووں کی مدد و اعانت کی ہے تفتیشی ایجنسی اُس کی تلاش میں ہے۔
ذرائع نے یہ بھی کہا ہے کہ چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران قابل اعتراض مواد بھی ضبط کیا گیا ۔ این آئی اے نے اس حوالے سے ابھی تک کوئی آفیشل بیان جاری نہیں کیا ہے۔