جموں:پرنسپل سیکرٹری اعلیٰ تعلیم محکمہ روہت کنسل نے آج جموں وکشمیر کی تمام یونیورسٹیوں کے رجسٹراروں ارو ڈینز کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی تاکہ یونیورسٹیوں اور کالجوں میں تعلیمی سیشن 2022-23ءکے آغاز کے عمل کا جائزہ لیا جاسکے۔
پرنسپل سیکرٹری نے داخلہ کے جاری عمل کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے شرکا¿ پر زور دیا کہ داخلوں کی آخری تاریخ طے کی جانی چاہیے تاکہ سی بی ایس اِی سمیت تمام بورڈوں کے طلباءکو یہاں کے کالجوں او ریونیورسٹیوں میں داخلے کا مناسب موقعہ مل سکے۔اُنہوں نے کہا ،” ہماری ترجیح داخلہ کے عمل او راِمتحانی عمل کو بہتر کرنا ہے اور اِس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کوئی اُمید وار جموں وکشمیر کے کسی بھی کالج میں داخلے سے محروم نہ رہے ۔“
پرنسپل سیکرٹری نے این اِی پی ۔ 2020 کی عمل آوری کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایجوکیشن پالیسی کے بہتر نفاذ کے لئے تمام یونیورسٹیوں کو آپس میں تال میل کے ساتھ کا م کرنا چاہیے اور آپس میں مو¿ثر رابطہ برقرار رکھنا چاہیے۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ کالجوں ، یونیورسٹیاں اور ریگولیٹروں تعلیمی ایکو سسٹم کے تین ستون ہیں اور انہیں ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ یہ نظام طلباءکو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے قابل ہے ۔
اُنہوں نے یونیورسٹیوں سے کہا کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ نصاب کو حتمی شکل دینے سمیت تمام تیاری کی سرگرمیاں نئے سیشن کے آغاز سے پہلے اَچھی طرح سے مکمل کی جائیں ۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفراد کو طلباءکی رہنمائی کے لئے ہر کالج اوریونیورسٹی میں کیر ئیر کاﺅنسلنگ سیل قائم کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ اُنہوں نے ہدایت دی کہ یونیورسٹیوں کو تقرری کے عمل میں طلباءکی رہنمائی کے لئے پیشہ ور اَفراد کے ورکشاپوں اور لیکچرروں کے اِنعقاد میں پیش پیش رہنا چاہیئے۔
پرنسپل سیکرٹری نے اِس بات پر بھی زور دیا کہ تمام یونیورسٹیوں اور کالجوں کو این اِی پی کے بارے میں معلومات کو وسیع پیمانے پر پھیلانے کی ضرورت ہے اور اُنہوں نے انہیں سمینار اور سمپوزم منعقد کرنے کا مشورہ دیا تاکہ نفاذ کے طریقہ¿ کار پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا جاسکے۔اُنہوں نے یونیورٹیوں کو بین یونیورسٹی کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں اور دیگر مقابلوں کی مشق کو بحال کرنے کا مشورہ بھی دیا۔ پرنسپل سیکرٹری نے کالج کے نمائندوں کو بھی ہدایت دی کہ وہ اَپنے متعلقہ کالجوں میں سکل ڈیولپمنٹ کورسوں شروع کرنے کے لئے ایک فریم ورک تیار کریں۔
پرنسپل سیکرٹری نے کالجوں میں تحقیقی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے یونیورسٹیوں کے نمائندوں سے درخواست کی کہ وہ کالجوں کو کالج سطح پر بھی تحقیق کرنے کے لئے ہینڈ ہولڈ کریں اور آلات اور اَفرادی قوت کی مدد فراہم کر کے تحقیق کرنے کے لئے رہنمائی کریں۔
دورانِ میٹنگ پرنسپل سیکرٹری کو جانکاری دی گئی کہ حکومت جموںوکشمیر نے یونیورسٹیوں ، کالجوں ، جے کے ایس ایس بی ، جے کے پی ایس سی اور دیگر اہم اِمتحانات کو منظم کرنے کے لئے یونیورسٹیوں اور کالجوں میں اِمتحانی ڈھانچہ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔پرنسپل سیکرٹری نے شرکا¿ کو ہدایت دی کہ وہ اِن مخصوص اِمتحانی مراکز کے قیام کے لئے مناسب ہال ، زمین کی نشاندہی کریں۔
پرنسپل سیکرٹری نے یونیورسٹیوں کے دیگر اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے اِس حقیقت پر اطمینان کا اِظہا رکیا ہے کہ جموں وکشمیر کے تمام کالج او ریونیورسٹیاں اِی سمرتھ پلیٹ فارم کے ذریعے اِی آر پی حل تیار کرنے میں جوش و خروش سے حصہ لے رہی ہےں ۔ اُنہوں نے یونیورسٹیوں کو مشورہ دیا کہ وہ متعلقہ اِی سمرتھ ماڈیول کے لئے آئی ٹی نوڈل اَفسران کو ڈیٹا فراہم کریں۔اُنہوں نے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ تال میل کے لئے ہر یونیورسٹی سے نوڈل اَفسران کو نامزد کرنے کی ہدایت دی۔
میٹنگ میں دیگر لوگوں کے علاوہ کشمیر یونیورسٹی ، جموں یونیورسٹی ، اِسلامک یونیورسٹی ، ایس ایم وِی ڈی یو ، کلسٹر یونیورسٹی آف جموں / کشمیر ، کشمیر اور جموں کی سینٹرل یونیورسٹیوں کے رجسٹرار اور ڈین اکیڈمکس ، باباغلام شاہ بادشاہ کے علاوہ ڈائریکٹر کالجز او ردیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔





