جمعہ, مئی ۹, ۲۰۲۵
18.4 C
Srinagar

فائنانس اکاونٹ اسسٹنٹ امتحانات میں کامیاب ہوئے اُمیدواروں کا سری نگر اور جموں میں احتجاج

سری نگر،14 جولائی :فائنانس اکاونٹ اسسٹنٹ کی اسامیوں کے لئے منتخب ہوئے اُمیدواروں نے جمعرات کو سری نگر اور جموں میں احتجاجی مظاہرئے کئے انہوں نے یہ احتجاج ان کے سلیکشن لسٹ کو منسوخ کرنے کے افواہوں کے رد عمل میں کیا منتخب امیدواروں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے فائنانس اکاونٹ اسسٹنٹ لسٹ کو کالعدم قرار نہ دئے جانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کرنے سے اُن کی پانچ سال کی محنت پر پانی پھیر جائے گا۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر پولیس سب انسپکٹر امتحانات میں دھاندلیوں کے بعد فائنانس اکاونٹ اسسٹنٹ امتحانات پر بھی سوالات اُٹھ رہے ہیں اور پچھلے دو روز سے افواہیں گشت کر رہی ہیں کہ اس لسٹ کو بھی کالعدم قرار دیا جاسکتا ہے۔
جمعرات کے روز سری نگر کی پریس کالونی اور جموں پریس کلب کے باہر سینکڑوں منتخب امیدواروں نے احتجاجی مظاہرئے کئے اور الزام لگایا کہ اُن کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔
نامہ نگار وں سے بات چیت کے دوران منتخب اُمیدواروں نے کہ اکہ اگر کسی نے غلط کیا ہے تو اس کی تحقیقات ہونی چاہئے لیکن یہ کہاں کا انصاف ہے کہ منتخب اُمیدواروں کے لسٹ کو کالعدم قرا ردے کر اُن کی محنت پر پانی پھیرا جائے۔
انہوں نے کہا کہ فائنانس اکاونٹ اسسٹنٹ میں کامیابی حاصل کرنے کی خاطر اُمیدواروں نے پچھلے پانچ سالوں سے محنت کی ہے اور اب یہ کہا جارہا ہے کہ اس لسٹ کو بھی منسوخ کیا جائے گا جو ہمارے ساتھ بہت بڑی نا انصافی ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ محنتی اُمیدواروں کے ساتھ انصاف کیا جانا چاہئے ، اگر ایسا نہیں ہوا تو ہم اپنے اہل و عیال کے ہمراہ سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور ہو جائیں گے۔
منتخب اُمیدواروں نے روتے ہوئے کہا کہ ایس آئی امتحانات میں دھاندلیوں کے بعد جموں وکشمیر انتظامیہ نے لسٹ کو کالعدم قرار دیا اور اب یہ کہا جارہا ہے کہ فائنانس اکاونٹ اسسٹنٹ لسٹ کو بھی منسوخ کیا جائے گا جو سراسر نا انصافی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ ہم تحقیقات کے خلاف نہیں لیکن ہم ایل جی انتظامیہ سے پوچھنا چاہتے ہیں جو اپنی محنت اور لگن کے بل بوتے پر منتخب ہوئے ہیں وہ کہاں جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لسٹ کو کالعدم قرار دینے سے قبل محنتی اُمیدواروں کے ساتھ بھی انصاف ہونا چاہئے ۔
واضح رہے کہ سروسز سلیکشن بورڈ کی جانب سے قریباً بارہ سو فائنانس اکاونٹ اسسٹنٹ اسامیوں کو پُر کرنے کی خاطر تحریری امتحانات لیا گیا جس کے بعد امسال ہی منتخب اُمیدواروں کا لسٹ منظر عام پر لایا گیا ۔
انہوں نے بتایا کہ لگ بھگ 90فیصد منتخب اُمیدواروں کی ویری فکیشن کا عمل بھی مکمل ہو چکا ہے تاہم پچھلے دو روز سے جموں وکشمیر میں افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ اس لسٹ کو کالعدم قرار دیا جاسکتا ہے جس کے بعد منتخب اُمیدواروں میں بے چینی بڑھ گئی ہے ۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق ایس آئی امتحانات کے پرچے پندرہ لاکھ روپیہ میں فروخت کئے گئے ہیں اور اس سکنڈل میں بڑے بڑے عہدیداروں کا نام بھی سامنے آرہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر انتظامیہ نے غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے والے سروسز سلیکشن بورڈ کے بعض آفیسران کے خلاف کارروائی عمل میں لانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
جموں وکشمیر انتظامیہ نے حال ہی میں ایس آئی امتحانات کو منسوخ کرکے سی بی آئی کے ذریعے تحقیقات کرنے کے احکامات صادر کئے۔
ایس آئی امتحانات میں دھاندلیوں کے بعد جموں وکشمیر انتظامیہ نے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی جنہوں نے پایا کہ امتحان کے دوران دھاندلیاں ہوئی ہیں جس کے بعد ایل جی منوج سنہا نے سی بی آئی کے ذریعے تحقیقات کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img