منگل, مارچ ۲۵, ۲۰۲۵
15.9 C
Srinagar

کشمیر: حضرت شاہ ہمدان (رح) کا عرس تزک و احتشام سے منایا گیا

سری نگر،06 جولائی: سری نگر کے خانقاہ معلیٰ علاقے میں بدھ کو حضرت امیر کبیر میر سعید علی ہمدانی (رح )معروف بہ حضرت شاہ ہمدان کا 657 واں عرس مبارک انتہائی تزک و احتشام اور مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
حضرت شاہ ہمدان(رح) کے نام سے منسوب خانقاہ معلیٰ میں عقیدت مندوں کا تانتا بندھا رہا اور نماز ظہرین میں کافی تعداد میں نمازیوں جن میں زن و مرد شامل تھے، نے شرکت کی۔
یو این آئی اردو کے نمائندے نے خانقاہ معلیٰ کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ عقیدت مند جوش و خروش کے ساتھ آستان عالیہ کے احاطے میں داخل ہو رہے تھے اور اپنے اپنے حاجات کی روائی کے لئے دعائیں کر رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ نماز ظہرین میں کافی بڑی تعداد میں نمازیوں جن میں زن و مرد شامل تھے، نے شرکت کی۔
معلوم ہوا ہے کہ رات بھر خانقاہ معلی سری نگر میں زائرین کی ایک بڑی تعداد نے شب خوانی کی جس دوران امن و سلامتی کے لئے خصوصی دعاﺅں کا بھی اہتمام کیا گیا۔
اس عرس مبارک کے موقع پر وادی کے گوشہ و کنار سے ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند اس ولی بزرگ کے آستانہ عالیہ پر حاضر ہو جایا کرتے ہیں اور اپنے اپنے حاجات کی روائی کے لئے دعائیں مانگا کرتے ہیں۔
تاریخی اعتبار سے حضرت میر سید علی ہمدانی(رح) وادی کشمیر میں دین اسلام کی تبلیغ کرنے والے مبلغوں کی فہرست میں سر فہرست ہیں۔ آپ چودہویں صدی میں قریب سات سو سادات کے ہمراہ کشمیر وارد ہوئے اور یہاں اسلام کی تبلیغ کے ساتھ ساتھ لوگوں کو مختلف فنون سے بھی آراستہ وپیراستہ کیا جو ان کی روزی روٹی کی سبیل بن گیا۔
دریں اثنا وادی کشمیر کے باقی اضلاع میں بھی حضرت امیر کبیر میر سعید علی ہمدانی (رح) کے سالانہ عرس پر بڑی بڑی تقریبات کا اہتمام ہوا جس میں علمائے کرائم نے امیر کبیر (رح ) کی سیرت پاک پر روشنی ڈالی ۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img