ہفتہ, دسمبر ۱۳, ۲۰۲۵
9.4 C
Srinagar

احتیاط انتہائی لازمی

جموں وکشمیر میں بھی ایک بار پھرکورونا وائرس کے کیسوں میں اضافہ ہونے لگا ہے اور اس حوالے سے روز جاری کردہ اعداد وشمار سے یہ بات صاف ہو رہی ہے کہ آنے والے ایام میں یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے کیونکہ اب موسم میں تبدیلی آئے گی اور لگ بھگ 40دنوں تک شدید گرمی کےساتھ ساتھ گرم ہواﺅں کے چلنے کے اثار بھی ہیں ۔

لہٰذا ان ایام کے دوران ویسے بھی چند ایک وبائی بیماری جیسے دست قے وغیرہ پھیل جاتا ہے کیونکہ ان ایام میں گرمی کی وجہ سے لوگ گندہ پانی پینے کیلئے مجبور ہوجاتے ہیں ۔

جہاں تک حالیہ برف وباراں اور سیلابی صورتحال کا تعلق ہے، اس سے پانی میں مزید گندگی آسکتی ہے، جس سے بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ لاحق ہے۔

غالباً اسی لئے محکمہ ہیلتھ نے عام لوگوں کیلئے ایک خصوصی ایڈوائزری بھی جاری کی ہے جس میں عام لوگوں کو باخبر رہنے کی تلقین کی گئی ہے ۔

جہاں تک وادی کشمیر کا تعلق ہے یہاں اس طرح کی وبائی بیماریاں بہت ہی کم پھیلتی تھیں کیونکہ یہاں کا ماحول صاف ستھرا ہوتا تھا اور تر وتازہ آب وہوا مردے میں بھی جان ڈالتی تھی لیکن گزشتہ چند برسوں کے حالات نے یہاں ماحولیاتی آلودگی میں بہت زیادہ اضافہ کیا ہے۔

ایک طرف بم وبارود ،ٹائیر گیس اور مرچی گیس وغیرہ سے ہوا میں آلودگی پھیل چکی ہے ،دوسری جانب لوگوں نے آبی ذخائر کو بہت زیادہ تباہ کیا ہے ۔ان میں بیت الخلاءسے خارج ہو رہا ٹھوس فضلہ ڈالا جا رہا ہے ،پالتھین اور کوڑا کرکٹ بھی اسی پانی کے حوالے کیا جا رہا ہے ۔

یہ بات بھی مشاہدے میں آرہی ہے کہ یہاں ٹریفک کا دباﺅ بہت زیادہ بڑھ گیا ہے جس کے سبب ماحول آلودہ ہو رہا ہے ۔بہرحال انسان ہی اپنا ماحول ٹھیک اور صاف وپاک رکھ سکتا ہے اور انسان کو ہی کورونا اور دیگر وبائی بیماریوں سے بچنے کیلئے احتیاط کرنا پڑے گا ۔

ماسک دوبارہ پہننے کی ضرورت ہے ،بھیڑ بھاڑ والی جگہوں پر زیادہ دیر تک بیٹھنے سے گریز کرنا چاہیے تاکہ کورونا کے بڑھتی ہوئی تعداد میں کمی آ سکے اور خدانخواستہ پھر سے لا ک ڈاﺅن یا پابندیاں عائد نہ ہوسکیں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img