مشیر بٹھناگر نے گریز سب ڈویژن کے ترقیاتی مسائل کا جائیزہ لیا

مشیر بٹھناگر نے گریز سب ڈویژن کے ترقیاتی مسائل کا جائیزہ لیا

سرینگر:لفٹینٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک میٹنگ میں گریز سب ڈویژن کے عام لوگوں کی طرف سے علاقے کے اپنے حالیہ دورے کے دوران اٹھائے گئے مطالبات اور مسائل کا تفصیلی جائیزہ لیا ۔
میٹنگ میں صحت ، اسکولی تعلیم ، جانوروں اور بھیڑ پالنے ، دیہی ترقیات ، چیف انجینئر آر اینڈ بی کشمیر ، چیف انجینئر جل شکتی کشمیر ، ڈائریکٹر کالجز جے اینڈ کے ، ایم ڈی جے اینڈ کے پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن ، سیاحت کے نمائندوں اور دیگر مختلف محکموں کے ایچ او ڈیز نے شرکت کی ۔
میٹنگ کے دوران مشیر نے حال ہی میں وہاں مشیر کے ذریعے منعقدہ عوامی رابطہ پروگرام کے دوران گریز سب ڈویژن کے عوام کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل اور خدشات کا گہرائی سے جائیزہ لیا ۔
میٹنگ کے دوران بات کرتے ہوئے مشیر بٹھناگر نے افسران پر زور دیا کہ گریز پر خصوصی توجہ مرکوز کی جانی چاہئیے کیونکہ یہ جگہ سردیوں کے مہینوں میں زیادہ سے زیادہ مدت تک کٹی رہتی ہے ۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ علاقے کا باقاعدگی سے فیلڈ وزٹ کریں تا کہ وہاں کے مقامی لوگوں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ رابطہ برقرار رہے اور ان کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے ۔
محکمہ صحت سے متعلق مسائل کا جائیزہ لیتے ہوئے مشیر بٹھناگر نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز سے کہا کہ وہ فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال میں گائناکالوجسٹ تعینات کریں ۔ انہوں نے ڈائریکٹر ہیلتھ سے مزید کہا کہ وہ فوری طور پر ایس ڈی ایچ میں بلڈ سٹوریج یونٹ کے ساتھ ساتھ بلڈ بنک بھی نصب کریں تا کہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں ۔
مشیر نے ڈائریکٹر سے یو ایس جی مشینوں اور دیگر آلات کے انتظامات کیلئے تکنیکی عملہ کو فوری طور پر تعینات کرنے کو کہا ۔
تعلیم کے شعبے سے متعلق مسائل کا جائیزہ لیتے ہوئے مشیر بٹھناگر نے ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن پر زور دیا کہ وہ فوری بنیادوں پر عملے کو معقول بنائیں تا کہ اسکولوں میں مطلوبہ تعداد میں اساتذہ کو تعینات کیا جائے ۔ انہوں نے ڈائریکٹر سے بوائیز ہائیر سکینڈری سکول داوڑ میں حکومت کے آڈیٹوریم میں زیر التوا تمام کاموں کو مکمل کرنے کو بھی کہا تا کہ طلباءاس سے مطلوبہ فوائد حاصل کر سکیں ۔
مشیر نے ڈائریکٹر سے مزید کہا کہ وہ گریز کے طلباءکیلئے ایکسپوژر ٹورز کا انعقاد کریں تا کہ وہ بہتر نمائش حاصل کر سکیں ۔
مویشی اور بھیڑ پالنے کے شعبوں کا جائیزہ لیتے ہوئے مشیر بٹھناگر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ مویشیوں کو چرانے کیلئے نقل مکانی کے دورانئے کے پیش نظر جانوروں کو ویکسینیشن کیلئے خصوصی کیمپ منعقد کئے جائیں اور عوام کو مطلوبہ ادویات فراہم کی جائیں ۔
آر اینڈ بی ، پی ڈی ڈی اور جل شکتی محکموں سے متعلق مسائل کا جائیزہ لیتے ہوئے مشیر بٹھناگر نے متعلقہ افسران کو تاکید کی کہ گریز سب ڈویژن میں ان کے متعلقہ ونگز کے ذریعہ انجام دئیے گئے تمام کام وقت پر مکمل کئے جائیں ۔ انہوں نے چیف انجینئر آر اینڈ بی سے کہا کہ وہ وادی گریز میں برف کی بروقت صفائی کیلئے جدید آلات کو تعینات کریں ۔
پاور سیکٹر کے بارے میں مشیر بٹھناگر نے ایم ڈی جے کے پی ڈی سی سے کہا کہ وہ کشن گنگا پاور پروجیکٹ سے گریز ویلی تک پاور ڈسٹری بیوشن لائین کی تنصیب کی فزیبلٹی کا مطالعہ کریں ۔ انہوں نے ایم ڈی سے مزید کہا کہ وہ علاقے میں سولر پاور پلانٹس لگانے کے انتظامات کا جائیزہ لیں تا کہ وہاں کے مکینوں کو بجلی کی بہتر فراہمی ممکن ہو سکے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.