کرسو راجباغ میں برلب سڑک کوڈا دان باعث پریشانی :مقامی دکاندار

کرسو راجباغ میں برلب سڑک کوڈا دان باعث پریشانی :مقامی دکاندار

نیوزڈیسک

سرینگر : کرسو راجباغ سرینگر میں برلب سڑک کوڈا دان مقامی دکانداروں کے لئے درد ِ سر بنا ہوا ہے ۔دکانداروں کے ایک وفد نے بتایا کہ کرسو راجباغ نزدیک ’ہونڈا گلی ‘ میں میونسپل حکام نے برلب سڑک ایک کوڈا دان نصب کررکھا ہے ،جسکی وجہ سے اُنہیں طرح طرح کی مشکلات کا سامنا ہے ۔ان کا کہناتھا کہ رستوران اور ہوٹلوں سے نکلنے والاٹھوس اور دیگر فضلہ اسی کوڈا دان میں ڈالا جاتا ہے اور یہ کئی روز تک یہاں جمع رہتا ہے ۔


انہوں نے کہا کہ کوڈ ادان کے اردگرد آوارہ کتوں نے بھی اپنا مسکن بنا ڈالا ہے ،جو ہر گزر تے دن کے ساتھ مقامی آبادی ،اسکولی طلبہ اور دکانداروں کے لئے باعث خطرہ بن رہے ہیں ،کیوں کہ وہ یہاں سے گزر نے والے افراد پر حملہ آور ہوتے ہیں ۔
دکانداروں کے وفد میں شامل، عمر شاہ نامی دکاندار نے بتایا کہ یہ کوڈا دان دکانوں کے سامنے رکھا گیا جسکی وجہ سے اُن کا کاروبار متاثر ہو رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کوڈا دان سے اٹھنے والی بدبو سے نہ صرف ماحول آلودہ ہورہا ہے بلکہ پورا علاقہ متاثر ہورہا ہے ۔


ان کا کہناتھا کہ کوڈا دان سے ہم اتنے پریشان ہوگئے ہیںکہ اب دکانوں کو ہی بند رکھنے میں اپنی عافیت سمجھتے ہیں جبکہ گاہک بھی اب اُنکی دکانوں کی طرف نہیں آرہے ہیں اور اس طرح اُن کا کاروبار شدید متاثر ہورہا ہے ۔
ایک اور دکاندار کا الزام ہے کہ انہوں نے کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ کے عہدیداروں کو اس سنگین معاملہ کی طرف توجہ دلانے کیلئے عرضیاں دیں۔ تاہم کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔ اس سنگین معاملہ کو لوگوں نے کئی بار پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں بھی اچھالا ، جس میں انہوں نے اس کوڈا دان کو یہاں سے کسی ایسی جگہ منتقل کرنے کی سرکار سے فریاد کی، جہاں اس سے انسانی جانوں کو کسی طرح کا خطرہ لاحق نہ ہو لیکن معاملہ ابھی تک جوں کا توں پڑا ہوا ہے۔


دکانداروں کے وفد نے ایک مرتبہ پھراعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر اس معاملے کی طرف توجہ مرکوز کی جائے اور کوڈا دان کو دوسری جگہ پر نصب کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ یہاں نزدیک میں کئی اسکول اور اہم دفاتر بھی ہیں ،جن میں اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی (اگنو) کا ریجنل دفتر بھی ہے ،لیکن اس کے باوجود ا س سنگین معاملے کو نظر انداز کیا جارہا ہے ۔
سرینگر میونسپل کارپوریشن کے اعلیٰ حکام نے بتایا کہ وہ دکانداروں کی شکایت کا سنجیدہ نوٹس لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ علاقے کا عنقریب دورہ کرکے زمینی صور ت ِ حال کا جائزہ لیا جائے گا اور اگر دکانداروں کی شکایت درست ثابت ہوئی ،تو اس کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ بھی کیا جائے گا ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.