ہارٹ مکس پلانٹ اونرس ایسوسی ایشن اور انتظامیہ کے درمیان تعطل کیوں ؟

ہارٹ مکس پلانٹ اونرس ایسوسی ایشن اور انتظامیہ کے درمیان تعطل کیوں ؟

واجب الادا رقومات واگزار اور قیمتوں سے متعلق تفاوت دور کی جائے :بشیر احمد خان

نیوزڈیسک

سرینگرہارٹ مکس پلانٹ اونرس ایسو سی ایشن نے لیفٹیننٹ گور نر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ اُنکی واجب الادا رقومات اور قیمتوں سے متعلق تفاوت دور کی جائے ۔ایسوسی ایشن کے صدر بشیر احمد خان نے ایشین میل ملٹی میڈیا سے خصوصی گفتگو کے دوران کہا کہ اس وقت وادی کی سڑکوں پر میکڈم بچھانے کا عمل تعطل کا شکار ہے ۔
ان کا کہناتھا کہ اُنکے کچھ تحفظات اور خدشات ہیں ،جنہیں دور کیا جانا چاہئے جبکہ اس وجہ سے اس وقت ایک ’ڈیڈ لاک ‘ یعنی تعطل ہے ،جسکی وجہ سے اُنکے صنعتی کارخانے ٹھپ ہیں ۔بشیر احمد خان نے وادی بھر میں تین سیکٹروں جنوب ،شمال اور وسطی کشمیر میں 88ہارٹ مکس پلانٹس ہیں اور ہر ایک پلانٹ میں 100سے زیادہ با ہنر اور غیر ہنر مند اسٹاف کام کررہا ہے ،جن میں ٹیکنیکل افراد اور ماہر مزدور بھی شامل ہیں جبکہ50فیصد اسٹاف مستقبل بنیادوں پرہارٹ مکس پلانٹس میں روزگار حاصل کررہے ہیں ۔
بشیر احمد خان نے کہا ’ہم نے جو کاروبار شروع کیا ہے ،وہ اس جذبے کیساتھ شروع کیا ہے کہ ہم خود کے لئے اور دوسرے کے لئے روزگار کے وسائل پیدا کرسکیں ‘۔ان کا کہناتھا کہ1990میں انہوں نے وادی میں ہارٹ مکس پلانٹ کے صنعتی کارخانے قائم کئے جب سے لیکر آج تک وہ سڑکیں اور شاہراہیں تعمیر کرنے میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ وہ وادی کشمیر کی تعمیر وترقی میں نمایاں اور کلیدی کردار بھی ادا کررہے ہیں ۔
بشیر احمد خان نے کہا ’ اُنکی ایسوسی ایشن ٹریڈ یونین ایکٹ کے تسلیم شدہ ہے ‘ ۔ایک سوال کے جواب میں اُن کا کہناتھا کہ اُنہیں اس وقت زبردست معاشی مشکلات کا سامنا ہے ،جسکی وجہ سے کئی وجوہات ہیں ۔انہوں نے کہا ’ہم سال2014کے تباہ کن سیلاب سے مشکلات سے دور ہیں اور رہی سہی کسر عالمی وبا کووڈ ۔19اور روس ۔یوکرین جنگ نے باقی کردی ‘ ۔ان کا کہناتھا کہ عالمی وبا کے بعد روس ۔یوکرین جنگ کی وجہ سے بدترین مہنگائی نے پوری دنیا کو اپنی زد میں لیااور ہندوستان بھی اسکی تند ہواﺅں سے محفوظ نہ رہ سکا جبکہ پوری دنیا کی اقتصادی ڈھانچہ تباہ ہوچکا ہے ۔
انہوں نے کہا ’ ہمارے صنعتی کار خانوں کے لئے در کار خام مال اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کافی اضافہ ہوا اور یہ بے لگام مہنگائی کا اثر ہے ‘۔ بشیر احمد خان نے کہا کہ اس وقت ہا رٹ مکس پلانٹ اونرس کام کرنے کے لئے تیار ہی نہیں ہیں ،لیکن اسکی وجوہات ہیں ،جنہیں حل کرنا ضروری ہے ۔ہارٹ مکس پلانٹ اونرس ایسو سی ایشن کے صدر نے مزید کہا ’ انتظامیہ کی جانب سے جو ٹینڈر جاری کئے جاتے ہیں ،وہ موجودہ قیمتوں سے مطابقت نہیں رکھتے جبکہ اس وجہ سے جو سروسز وہ انتظامیہ کو فراہم کرتے تھے ،وہ ٹھپ ہو کر رہ گئیں ‘۔
انہوں نے لیفٹیننٹ گور نر منوج سنہا سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایک تو اُنکی واجب الادا رقومات واگزار کی جائیں جبکہ قیمتوں سے متعلق تفاوت کو بھی دور کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ وہ انتظامیہ کو اپنی خدمات انجام دینے کیساتھ ساتھ ٹیکسز کی ادائیگی کرتے ہیں اور جموں وکشمیر کی اقتصادی ترقی میں اپنا رول ادا کرتے ہیں ایسے میں اُنکے خدشات اور تحفظات کو دور کر نا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ۔
ایک سوال کے جواب میں ہارٹ مکس پلانٹ اونرس ایسو سی ایشن کے صدر، بشیر احمد خان نے کہا کہ سڑکوں اور شاہراہوں کی تعمیر میں ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ’سڑکوں کی تعمیر میں غیر معیاری اور معیاری میٹریل کا استعمال کوئی مسئلہ نہیں ہے ،بلکہ پلانٹ سے لیکر سڑکوں پر میکڈم بچھانے تک سرکاری انجینئر اور نگران افسران موجود ہوتے ہیں اور اُنکی ہی موجودگی میں ٹینڈر اور طلب کے تحت میکڈم تیار کیا جاتا ہے اور اسکی سپلائی کی جاتی ہے ‘۔
تاہم انہوں نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ایک سے دو فیصد سڑکوں سے میکڈم اکھڑ جانے شکایات سے صحیح ہیں ،لیکن برف ہٹانے کے لئے برف مشینوں کا ہی استعمال ہونا چاہیے نہ کہ جے سی بی اور ٹریکٹروں کا استعمال ہونا چاہیے ۔ ان کا کہناتھا کہ مختص فنڈس کے تحت وہ سالانہ دو ارب روپے کی لاگت سے سڑکوں اور شاہراہوں کی تعمیر کو یقینی بناتے ہیں ۔انہوں نے انتظامیہ سے تعطل ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تعمیر وترقی کو یقینی بنانے کے لئے اُنکے مطالبات کو پورا کرنا ناگزیر ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.