پیر, جولائی ۷, ۲۰۲۵
31.3 C
Srinagar

تنگ آمد بہ جنگ آمد۔۔۔

ہمسایہ ملک شری لنکا میں اقتصادی بحران کے بیچ تشدد،لوٹ مار،آتشزنی کا نہ تھمنے والا سلسلہ شروع ہو چکا ہے ۔

لوگ سڑکوں پر آکر سرکار کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں ۔درجنوں منسٹروں کو عوامی غیض وغضب کا نشانہ بننا پڑ رہا ہے ۔

ملک کے صدر نے خود کو بچانے کیلئے کسی نامعلوم جگہ پر پناہ لی ہے ،فوج نے پورے میں کنٹرول حاصل کیا اور عوامی مظاہروں کو روکنے کے لئے ملک گیر کرفیو نافذ کردیا گیا جبکہ کسی بھی شخص کو دیکھتے ہی گولی مار نے کے احکامات بھی صادر کئے گئے ،کیوں کہ فوج کو لا محدود اختیارات دئے گئے ۔

اطلاعات کے مطابق ایک کلو دودھ کی قیمت 50روپے ہیں اور وہ بھی مشکل سے ہی مل رہا ہے ۔

سری لنکا ایک ایسا ملک ہے جہاں کی 50فیصد اقتصادیات شعبہ سیاحت پر منحصر ہے ۔گزشتہ 3برسوں سے کورونا کی وجہ سے یہاں کی اقتصادی صورتحال انتہائی خراب ہو چکی تھی اور مہنگا ئی اس قدر بڑھ گئی ہے کہ عام انسان برداشت کرنے سے قاصر ہے ۔نتیجہ سب کے سامنے ہے۔

جہاں تک کورونا کا تعلق ہے اسکی وجہ سے پوری دنیا متاثر ہوئی، تاہم برصغیر میں بھارت ایک واحد ملک ہے جس نے کثیر آبادی ہونے کے باوجود اس مہلک اور تباہ کن بیماری کا مقابلہ کیا اور لوگوں کے بچاﺅ علاج ومعالجہ کیلئے اربوں روپے خرچ کئے اور ارد گرد کے ہمسایہ ملکوں کو بھی مختلف قسم کی مدد فراہم کی ۔ماہرین کا ماننا ہے کہ آنے والے وقت میں اٹمی جنگ کا کوئی خطرہ نہیں ہے بلکہ ملکوں کو اگر کوئی مسئلہ تباہ کر سکتا ہے وہ صرف مہنگائی اور بے روزگاری ہو سکتی ہے ۔

جہاں تک ہمارے ملک کا تعلق ہے، کورونا وباءکے دوران یہاں لاکھوں لوگ بے کار اور بے روزگار ہو گئے ۔پیٹرول ،ڈیزل اور دیگر اشیاءضروریہ کی قیمتیں آسمان کو چھو نے لگی ہیں ،لاکھوں کی تعداد میں ملک کے لوگ اس مہنگائی کو برداشت کرنے کی صلاحیت کھو چکے ہیں ۔

اسی لئے وہ یا تو خودکشی کرتے ہیں یا پھر جرائم کی دنیا میں قدم رکھتے ہیں ۔

ملک کے پالیسی سازوں ،ماہر اقتصادیات ،صنعت کاروں ،سرمایہ داروں اور کاشت کاروں کو اس حوالے سے سنجیدگی سے سوچنا چاہیے اور ملک کی اقتصادی صورتحال بہتر بنانے کیلئے سرکار کو جدید طرز کی پالیسیاں اختیار کرنی چاہیے جن سے عام لوگوں کو روزگار بہ آسانی فراہم ہو سکے اور اس طرح اُن کے ذہن زنگ آلودہ ہونے سے بچ سکےں،تاکہ وہ ایسے اقدامات نہ اُٹھا سکیں جس سے افراءتفری پید اہو جائے کیونکہ یہ کہاوت مشہور ہے کہ تنگ آمد بہ جنگ آمد ۔

Popular Categories

spot_imgspot_img