سری نگر،10 مئی: جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ڈورو علاقے میں منگل کی سہ پہر کو سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ 19آر آر اور جموں وکشمیر پولیس نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد ڈورو اننت ناگ علاقے کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کے اہلکار تلاشی کارروائی میں مصروف تھے کہ اسی اثنا میں علاقے میں موجود جنگجووں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔
انہوں نے کہاکہ حفاظتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کو اطلاع موصول ہوئی ہے کہ علاقے میں دو سے تین ملی ٹینٹ پھنس کر رہ گئے ہیں۔
دریں اثنا سیکورٹی فورسز اور پولیس کی اضافی کمک نے ڈورو اور اُس کے ملحقہ علاقوں کو سیل کرکے لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
یو این آئی





