سری نگر،19اپریل: جموں وکشمیر اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی ) نے نائب تحصیلدار آفس ٹنگمرگ اہر بل کولگام میں تعینات کلرک کو سات ہزار روپیہ کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
اے سی بی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اینٹی کرپشن بیورو میں سائل نے تحریری طورپر شکایت درج کی کہ نائب تحصیلدار آفس ٹنگمرگ اہر بل کولگام میں تعینات کلرک لیاقت رحیم پسوال ولد عبدالرحیم ساکن ٹنگمرگ اہر بل شیڈول کاسٹ سرٹیفکیٹ کی اجرائی کی خاطر سات ہزار روپیہ کی رشوت طلب کر رہا ہے-
اے سی بی کے مطابق سائل نے بتایا کہ اُس نے کلرک کو پہلی قسط کے بطور 35 سو روپیہ کی رقم فراہم کی ہے اور اب وہ مزید 35 سو روپیہ کی رشوت طلب کررہا ہے۔
شکایت ملتے ہی اے سی بی نے اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر 6/2022 کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔
ترجمان نے بتایا کہ اے سی بی نے ایک جال بچھایا جس دوران لیاقت رحیم پسوال نامی کلرک کو سائل سے 35 سو روپیہ کی رقم لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا ۔
انہوں نے کہاکہ آزاد گواہوں کی موجودگی میں کلرک سے رشوت کی رقم ضبط کی گئی ہے۔
اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے۔
یو این آئی