منگل, جولائی ۸, ۲۰۲۵
22.5 C
Srinagar

وزیر اعظم کا دورہ

دفعہ 370کی تنسیخ کے بعد وزیر اعظم نریندرا مودی کا دورہ جموں وکشمیر ہو رہا ہے اور اس سلسلے میں تمام اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔

لوگ اس دورے کو اس لئے اہم مانتے ہیں کیونکہ انہیں بخوبی معلوم ہے کہ 370کے خاتمے کے بعد پہلی بار وزیر اعظم جموں وکشمیر آرہے ہیں ،جو کہ اب مرکزی زیر انتظام علاقہ ہے اور جہاں مرکز تعمیر وترقی اور امن کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات اُٹھا رہی ہے ۔

اس بات میں کوئی دورائے نہیں ہے کہ وادی اور جموں میں مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں پر کام جاری ہے اور لوگوں کی سہولیت کیلئے بجلی ،پانی فراہم کرنے اور سڑکوں کا جال بچھانے کیلئے رقومات واگزار کئے جا رہے ہیں تاکہ اُن طاقتوں کو یہ پتہ چل سکے کہ بہتر ڈھنگ سے کا م کرنا کس چڑیاکا نام ہے جنہوں نے ہمیشہ مرکز سے دولت حاصل کر کے اپنے دوست رشتہ دارو ں کو فائدہ پہنچایااور باقی اپنی تجوریوں میں تالہ بند کی اور صرف سیاست کا لبادہ اُوڑھ کر جنگ وجدل کو پروان چڑھاتے تھے اور عام لوگوں کو مصائب ومشکلات سے دوچار کر رہے تھے۔

اسطرح مرکز کو بلیک میل کر رہے تھے ۔وزیر اعظم کے دورے پر تمام سیاستدانوں ،پالیسی سازو ں اور عام لوگوں کی نظریں مرکوز ہیں کہ اب کی بار وہ جموں وکشمیر کیلئے کون سا نیا اعلا ن کرینگے جس سے جموں وکشمیر کے لوگوں کو براہ راست فائدہ ملے گا ،کیونکہ جموں وکشمیر خاصکر وادی میں ابھی بھی بے روزگاری بہت حد تک قائم ہے اور نوجوان روزگار کے تلاش میں دن رات ٹھوکریں کھا رہے ہیں ۔

لو گ پانی اور بجلی فیس میں ریاعت کے منتظر ہیں اور اُمید کرتے ہیں کہ وزیر اعظم کسی نہ کسی بڑے پیکیج کا اعلان کرینگے ۔

جہاں تک سیاسی تبدیلی، انتخابات ،دفعہ 370او ر ریاستی درجے کا تعلق ہے، اس حوالے سے عام لوگ فکر مند نہیں ہیں۔ تاہم سیاستدان ان چیزوں کیلئے فکر مند ہیں کیونکہ کسی حد تک اُنہیں یہ چیزیں دستیاب نہ ہونے سے مشکلات نظر آرہی ہیں ۔

بہرحال وزیراعظم کا دورہ انتہائی اہم مانا جاتا ہے کیونکہ عام لوگوں کی بہت ساری اُمیدیں وابستہ ہیں ۔لہٰذا اُمید کی جاتی ہے کہ وزیر اعظم اہلیان جموں وکشمیر کیلئے کوئی خوشحالی کا پروگرام ضرور ساتھ لائے ہونگے ۔

Popular Categories

spot_imgspot_img